Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

پاکستان اسٹیل مل ملازمین فارغ ہو گئے

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خسارے میں جانے والے بڑے قومی اداروں پی آئی اے، ریلوے اور پاکستان اسٹیل ملز کی اوور ہالنگ اور ری اسٹرکچرنگ کیلئے کوشاں چلی آرہی ہے۔ اِس ضمن میں پی آئی اے اور ریلوے کی اوور ہالنگ کے بعد اب حکومت کی طرف سے اسٹیل ملز کے 95 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیدوار حماد اظہر کے بقول حکومت 55 ارب روپے اب تک اسٹیل ملز کے ملازمین کی پنشن اور تنخواہوں کی مد میں ادا کر چکی اور آج بھی بند ملز کے ملازمین کو 75 کروڑ روپے ماہانہ تنخواہ کی مد میں ادا کرنا پڑتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ معلوم تھا اِس معاملے پر سیاست ہو گی، سندھ حکومت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اوپن بولی میں آ کر حصہ لے، اگر سندھ حکومت بولی سب سے زیادہ دیتی ہے تو وہ اسٹیل ملز لے سکتی ہے۔ 

پاکستان اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے لیکن ماضی میں جو ہوا وہ کرپشن کی کہانی ہے، اُس کو سیدھا کرنے کے لئے ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ پاکستان اسٹیل ملز بلاشبہ گزشتہ دہائی تک ایک منافع بخش ادارہ تھا، جسے کرپشن اور سیاسی بھرتیوں نے برباد کر دیا لیکن قابل اور ذمہ دار حکومتیں ایسے اداروں کو بند کرنے کے بجائے پھر سے منافع بخش بناتی ہیں۔ اپنی زندگی کا ایک عرصہ اِس ادارے کیلئے وقف کرنے والے ملازمین کو یوں اچانک فارغ کر دینا انسانی ہمدردی کے سراسر منافی رویہ ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اپنے روزگار فراہم کرنے کے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے پھر سے پاکستان اسٹیل ملز کو منافع بخش بنائے تاکہ نہ صرف مل کے موجودہ ملازمین کو بےروزگاری سے بچایا جا سکے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کئے جا سکیں۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ اِس ادارے کی بحالی کیلئے غیرسیاسی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں اور سیاسی بھرتیوں کی بجائے متعلقہ ماہرین کو بھرتی کیا جائے تاکہ ہم پھر سے اِس ادارے کا عروج دیکھ سکیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments