Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

میں نے اپنے صارفین کی پرائیویسی فیس بک کو فروخت کر دی

واٹس ایپ جیسی دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن تشکیل دینے والے افراد میں سے ایک برائن ایکٹن اس بات پر پچھتاوا ظاہر کیا ہے کہ انہوں نے اپنے صارفین کی پرائیویسی فروخت (فیس بک کو) کر دی۔ امریکی جریدے فوربس کو دیئے گئے انٹرویو میں واٹس ایپ کے شریک بانی نے ایک سال بعد خاموشی توڑتے ہوئے بتایا کہ آخر انہوں نے ایک سال پہلے فیس بک چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا اور آخر کیوں انہوں نے فیس بک پر واجب الادا 85 کروڑ ڈالر (ایک کھرب پاکستانی روپے سے زائد) چھوڑ دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ سے کمانے کے طریقہ کار کے حوالے سے فیس بک کے اندر تنازعات تھے۔ خیال رہے کہ فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز کے عوض خریدا تھا۔

انٹرویو کے دوران برائن ایکٹن نے بتایا کہ مارک زکربرگ اور فیس بک کے دیگر عہدیداران واٹس ایپ کے صارفین کے لیے ٹارگٹڈ اشتہارات چاہتے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ بزنس اینالسٹ ٹولز کو فروخت کیا جائے گا اور ان منصوبوں سے انہیں اتفاق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا ' میں نے اپنی کمپنی فروخت کر دی، میں نے اپنے صارفین کی پرائیویسی بڑے منافع کے لیے بیچ دی، میں نے ایک انتخاب کیا اور لوگوں کی پرائیویسی پر سمجھوتہ کیا، اب اس پچھتاوے کے ساتھ میں زندگی گزار رہا ہوں'۔ رواں سال مارچ میں جب فیس بک اینالیٹکا ڈیٹا اسکینڈل کی زد میں تھی تو برائن ایکٹن نے ڈیلیٹ فیس بک مہم کا ٹوئیٹ کیا تھا جبکہ ان کے ساتھی اور واٹس ایپ کے شریک بانی جان کوم نے اپریل میں فیس بک سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اسی طرح رواں ہفتے انسٹاگرام کے دونوں بانیوں نے بھی فیس بک سے استعفیٰ دے دیا جس کی کوئی واضح وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر مختلف رپورٹس کے مطابق ان دونوں کے بھی فیس بک کی جانب سے انسٹاگرام میں مداخلت پر مارک زکربرگ سے اختلافات تھے۔ برائن ایکٹن کو فیس بک کو الوداع کہنے پر 85 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوا، اگر وہ 6 ماہ بعد ایسا کرتے تو انہیں یہ رقم اسٹاک کی شکل میں ملتی۔ انہوں نے اب بتایا کہ فیس بک کی جانب سے واٹس ایپ سے اشتہارات اور دیگر ذرائع سے پیسے کمانے پر مسلسل زور دیا جارہا تھا جبکہ وہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے فیچر کو قبول کرنے کے لیے بھی تیار نہیں تھی، جس کے بارے میں جان ایکٹن کا ماننا تھا کہ یہ صارفین کی پرائیویسی کے لیے بہت ضروری فیچر ہے۔

انہوں نے پہلی بار تصدیق کی کہ واٹس ایپ کے بانیوں اور فیس بک سی ای او مارک زکربرگ اور سی او او شیرل سینڈبرگ کے درمیان تعلقات میں بہت زیادہ سرد مہری تھی۔ جان ایکٹن کی جانب سے واٹس ایپ میں اشتہارات دکھانے کے فیس بک منصوبے کی شدید مخالفت کی گئی تھی اور جب یہ فیصلہ کر لیا گیا تو انہوں نے کمپنی کو چھوڑ دیا۔ واٹس ایپ کو خریدنے کے موقع پر جو معاہدہ ہوا تھا اس کے تحت یہ شرط رکھی گئی تھی کہ اگر فیس بک نے بانیوں کی مرضی کے خلاف اشتہارات کو متعارف کرایا تو اپنے اسٹاک لے کر الگ ہو سکیں گے.

فیس بک کے وکلاء کے خیال میں واٹس ایپ سے کمانے سے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہو گی۔ برائن ایکٹن نے بتایا ' اس ملاقات میں زکربرگ نے مجھے کہا یہ ممکنہ طور پر آخر بار ہے جب تم مجھ سے بات کر رہے ہو'۔ 3 سال تک فیس بک میں رہنے کے باوجود برائن ایکٹن کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی مارک زکربرگ کے قریب نہیں ہو سکے 'میں آپ کو اس شخص کے بارے میں کچھ زیادہ نہیں بتا سکتا'۔ گزشتہ سال برائن ایکٹن نے ایک میسجنگ ایپ سگنل میں 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جو کہ واٹس ایپ کے متبادل کے طور پر خود کو پیش کرتی ہے۔

 

Post a Comment

0 Comments