Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

کیا موبائل فون کو رات بھر چارجنگ پر نہیں لگانا چاہیے؟

سائنس اور ٹیکنالوجی پر رپورٹ کرنے والے جریدے دی کنورسیشن کے مطابق نئی جنریشن کے زیادہ تر سمارٹ فونز کو چارجنگ کے لیے 30 منٹ سے دو گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔ چارجنگ کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا اس کا دارومدار آپ کے فون کی بیٹری کی استعداد پر بھی ہے اور اس بات پر بھی کہ آپ کا چارجر کتنی پاور فراہم کر رہا ہے۔ رات بھر فون کو چارجنگ پر لگانا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ یہ آپ کے فون کی بیٹری کی زیادہ سے زیادہ گنجائش کو تیزی سے کم کرنے کا سبب بھی بنتا ہے یعنی اس عمل سے فون کی بیٹری کمزور ہوتی ہے۔ ماہرین فون کو مکمل سائیکل میں چارج کرنے یعنی صفر سے 100 فیصد تک بیٹری چارج کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کرتے ہیں (یعنی ایک ہی چارجنگ میں فون کی بیٹری کو 100 فیصد چارج کرنا)۔ 

سام سنگ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ زیادہ مرتبہ اپنے فون کو 100 فیصد تک چارج کرنا آپ کے فون کی بیٹری کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک دفعہ میں فون کو 20 سے 80 فیصد کے درمیان چارج کرنا بہتر ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس بات کے امکانات کم ہوتے ہیں کہ زیادہ دیر چارج کرنے سے آپ کے فون کی بیٹری پھٹ جائے۔ عموماً ایسا بیٹری میں موجود کسی اور نقص کی وجہ سے ہوتا ہے۔ عموماً ناقص چارجنگ کیبل یا بیٹری کا حرارت باہر نہ نکال پانا بھی اس کے پھٹنے کی وجہ بن سکتا ہے۔

موبائل چارجنگ کے حوالے سے چند حفاظتی تدابیر
اس حوالے سے کچھ تدابیر آپ کے فون کی بیٹری کو طویل عرصے تک کام کرنے کا قابل بنا سکتی ہے اور آپ کو ممکنہ حادثے سے بچانے میں مددگار بھی ہو سکتی ہیں۔
اپنے فون میں سب سے تازہ ترین سافٹ ویئر اپڈیٹ کریں
فون کے اوریجنل یا سرٹیفائڈ چارجرز کا استعمال کریں کیونکہ دیگر چارجرز میں پاور ڈلیوری یعنی واٹس وولٹس وغیرہ مختلف ہو سکتی ہے
فون کو بہت زیادہ یا بہت کم درجہ حرارت سے دور رکھیں۔ صفر ڈگری سے 35 ڈگری موزوں درجہ حرارت ہے
اپنے فون کی چارجنگ کو 20 سے 80 فیصد کے درمیان رکھنے کی کوشش کریں اور فون کو کبھی مکمل یعنی 100 فیصد چارج نہ کریں
اپنے فون کو رات بھر چارجنگ پر نہ لگائیں اور اگر بیٹری پوری چارج ہو جائے تو اسے چارجنگ سے فوری ہٹا لیں
بیٹری کو مانیٹر کرتے رہیں کہ کہیں یہ بہت جلدی ختم تو نہیں ہو رہی وغیرہ
اگر آپ کو ایسا محسوس ہو کہ آپ کا موبائل گرم ہو رہا ہے یا بیٹری پھولی ہوئی ہے تو اسے فوری طور پر کسی کمپنی سے منسلک رپیئر شاپ پر لے جائیں

بشکریہ بی بی سی اردو

Post a Comment

0 Comments