Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

الاسکا پرکشش کیوں ؟

دنیا بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہر سال الاسکا آ تی ہے اور اس کی وجہ سمجھنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ لوگ فطرت کے قدرتی جاہ و جلال سے لطف اٹھانے یہاں آتے ہیں۔ الاسکا کی سیاحتی صنعت کی ایسوسی ایشن کے مطابق 2020ء میں الاسکا آنے والے سیاحوں کی تعداد 23 لاکھ سے زیادہ تھی ۔ قومی سیاحتی ایسوسی ایشن کے مطابق دنیا بھر سے الاسکا آنے والوں میں یورپی سیاحوں کی تعداد تسلسل سے سب سے زیادہ (38 فیصد) چلی آ رہی ہے۔ تاہم چین، بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ الاسکا کے مقبول و معروف' گلیشیئر 'بے نیشنل پارک' جانے والے سیاح، بحری جہاز سے ایک گلیشیئر کا نظارہ کرتے ہیں۔ یہ جہاز راستے میں ساحلی قصبوں (سیٹکا، جونیو اور کیچیکن) پر رکتے ہیں۔

الاسکا میں واقع آٹھ میں سے کسی ایک نیشنل پارک میں جا کر سیاح'' کراس کنٹری سکائیِنگ‘‘ کے ذریعے پہاڑوں اور گلیشیئر کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ریاست میں دیگر مقبول سیاحتی سرگرمیوں میں ''کیاک کشتی رانی‘‘، گھومنا پھرنا، گلیشیئر اور پہاڑوں پر چڑھائی اور دریا کے تند و تیز پانیوں میں کشتی چلانا شامل ہیں۔ سیاح سمندر میں ہیلی بٹ اور کنگ سالمن قسم کی مچھلیوں کے شکار، الاسکا کے بہت سے دریاؤں، ندیوں اور جھیلوں میں ٹراؤٹ مچھلی پکڑنے کیلئے بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ الاسکا جنگلی حیات کے نظارے کے لیے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ مثال کے طور پر آرکٹک ساحل کے قریب'' کونگاکٹ دریا‘‘ میں اترائی کے رخ کشتی چلانے سے بھورے ریچھوں، کیریبو کہلانے والے برفانی ہرنوں کے ریوڑ اور سنہری عقابوں کو دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ 

الاسکا کے بیابان علاقوں میں واقع لکڑی کے بنے کسی گھروندے میں ٹھہرنے سے آپ مکمل تنہائی میں جنگلی حیات کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ الاسکا کے پہاڑوں کے درمیان ٹرین کا سفر، پس منظر میں برف سے ڈھکے پہاڑ آپ کو عجب ہی نظارہ دیں گے۔ وائٹ پاس اور یوکون کے راستے پر ریل کی پٹری ''سکیگوے‘‘ کی جانب جاتی پہاڑی چوٹیوں کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ ریل کا سفر الاسکا میں اہم ترین سیاحتی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جہاں سیاح محفوظ اور آرام دہ طور سے ریل گاڑی میں کھڑکی کے قریب بیٹھ کر مختلف النوع نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ الاسکا میں ریل کی 756 کلومیٹر طویل پٹری جزیرہ نما کینائی میں سیوارڈ سے لے کر شمال کی جانب اینکریج، ٹلکیٹنا، ڈینالی نیشنل پارک اور فیئربینکس تک جاتی ہے۔

الاسکا میں مغربی اینکریج کے علاقے پوائنٹ ورونزوف پر آسمان میں شمالی روشنیاں رقص کناں ہوتی ہیں ۔ سیاحوں کی بڑی تعداد شمالی روشنیاں دیکھنے الاسکا کا رخ کرتی ہے جو کہ آرکٹک خطوں میں فطری روشنیوں کا قابل دید نظارہ ہوتا ہے۔ صاف راتوں میں خیرہ کن سبز، نیلی، سرخ اور جامنی روشنیاں ستاروں بھرے آسمان پر رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ دراصل یہ قطبی روشنیاں سورج کی تمازت سے برقی طور پر چارج ذرات اور زمینی ماحول میں گیسوں کے ذرات کے مابین ٹکراؤ سے جنم لیتی ہیں۔ مارچ میں سیاح، کتا گاڑیوں کی دوڑ دیکھنے یہاں آتے ہیں جسے ''آڈیٹاراڈ‘‘ کہا جاتا ہے۔ الاسکا ٹریول انڈسٹری ایسوسی ایشن کی عہدیدار تانیا کارلسن کہتی ہیں، ‘‘الاسکا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے مثالی سیاحتی مقام ہے۔ سیاح یہاں اپنے ساتھیوں کے ساتھ تفریحی وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ، جنگلی حیات سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

رابرٹ دلہوزی

بشکریہ دنیا نیوز

Post a Comment

0 Comments