Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

سوچی کے پاس میانمار میں فوجی آپریشن روکنے کا آخری موقع ہے ؟

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ میانمار کی حکمران جماعت کی رہنما آنگ سان سوچی کے پاس روہنگیا مسلمانوں کیخلاف فوجی آپریشن روکنے کا آخری موقع ہے۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کہا کہ اگر سوچی نے فی الفور آپریشن نہ روکا تو خوفناک سانحہ جنم لے گا، سوچی قوم سے خطاب کریں گی جس میں ان کے پاس فوجی آپریشن روکنے کا اعلان کرنے کا آخری موقع ہے، اگر سوچی نے صورت حال کو نہ سنبھالا تو انتہائی خوفناک سانحہ رونما ہو گا اور بدقسمتی سے مستقبل میں صورتحال کو سنبھالنا تقریبا ناممکن ہو جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے میانمار پر زور دیا کہ روہنگیا مسلمانوں کو واپس آنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا یہ بات بالکل واضح ہے کہ میانمار میں اصل طاقت فوج کے پاس ہے اور ریاست راکھائن میں اسی کے دبائو پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی نئی رپورٹ میں کہا گیا کہ میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی مہم چلا رہی ہے اور اس نےگاﺅں کے گاﺅں جلا کر راکھ کر دیے ہیں۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سربراہ زید ابن رعد حسین نے کہا تھا کہ میانمار حکومت روہنگیا مسلمانوں کی نسلی کشی کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ آنگ سان سوچی نے تنقید کے خوف سے اگلے ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ میانمار میں جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا مسلمان شہید جب کہ 4 لاکھ سے زائد ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
 

Post a Comment

0 Comments