Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

’امریکہ میں اب پیار کم اور نفرت زیادہ ہے‘

یادیو یہ جان کر بہت خوش ہوئے کہ ہم پاکستان سے الیکشن کی کوریج کے لیے
آئے ہیں۔ وہ بے ساختہ بولے 'دعا کریں ٹرمپ نہ جیتے ورنہ میرے امریکہ میں آخری ایام مزید مشکل ہو جائیں گے۔' یادیو کا تعلق نیپال سے ہے۔ ان کے دو بچے کالج میں ہیں اور وہ انتظار کر رہے ہیں کہ تیسرا جلد کالج شروع کر دے گا تا کہ وہ امریکہ سے نکل سکیں۔ وہ امریکہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بہت تنگ ہیں۔ وہ کہتے ہیں پچھلے 30 برس میں جتنا کمایا سارا یہاں ہی لگ گیا۔ وہ پانچ سال میں ریٹائر ہو جائیں گے اور ریٹائرمنٹ کا پیسہ لے کر واپس نیپال چلے جائیں گے۔ ان کے لیے سول لیبرٹی سے زیادہ عزت کی زندگی گزارنا اہم ہے۔ 'بس آخری بچہ کالج چلا جائے تو میں بھی عزت کی زندگی گزارنے اپنے گھر واپس چلا جاؤں۔ ہمارے جیسے لوگ امریکہ میں جتنی بھی محنت کر لیں ہمیشہ مزدور ہی رہیں گے۔'

یادیو کہتے ہیں پچھلے 30 برس میں جتنا کمایا سارا یہاں ہی لگ گیا۔ یادیو نے پولیٹکل سائنس میں گریجویشن کر رکھی ہے۔ ان کی تنگی ان کے چہرے پر صاف عیاں تھیں۔ وہ کہتے ہیں امریکہ میں اب پیار کم اور نفرت زیادہ ہے۔ 'خود دیکھ لیجیے، امریکہ نے ڈونلڈ ٹرمپ جیسے آدمی کو کہاں تک پہنچا دیا ہے۔ اور اب تو ڈر لگ رہا ہے کہ وہ کہی جیت ہی نہ جائے۔' یہی ڈر آج ہمارے ٹیکسی ڈرائیور امتیاز خان کو بھی ہے۔ امتیاز کا ذکر آپ نے پہلے بھی سنا ہو گا اور شاید آگے بھی سنیں کیونکہ انتخابات تک نیویارک میں گھمانے کی ذمہ دادی انھوں نے لے رکھی ہے اور انھیں باتیں کرنے کا بہت شوق ہے۔ گاڑی میں بیٹھتے ہی بولے 'ماسی مصیبتے نے اتنے محاذ کھول کر رکھے ہیں، ہر جگہ جنگ میں حصہ لیا، ہر روز ان کی کوئی نئی ای میل نکل آتی ہے۔ اس سے بہتر تو برنی سینڈرز تھا۔ ہلیری کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔'

امتیاز کے مطابق 'اگر ٹرمپ جیت گیا تو بس وہ امریکہ کا مودی ہو گا۔ جیسے مودی بھارت کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ویسے ہی ٹرمپ امریکہ کو تباہ کر کے چھوڑے گا۔ سارے پیسے اپنی جیب میں ڈالے گا۔' پیسے سے یاد آیا، ریسٹورنٹ کی تلاش میں فلوریڈا کے شہر میامی کی سڑکوں پر گھوم رہی تھی کہ ایک بھیک مانگنے والا سامنے آکر کھڑا ہو گیا اور ایک ڈالر مانگنا شروع کر دیا۔ میں نے گھبرا کر اپنا راستہ لیا اور تیزی سے چلنا شروع کر دیا وہ غصے سے چلا کر بولا ' تمھارے پاس ایک ڈالر نہیں ہے میرے پاس بھی نہیں ہے، اسی لیے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دوں گا تا کہ وہ امریکہ کو دوبار عظیم بنا سکے۔' ان کی اس دھمکی سے یادیو اور امتیاز بہت پریشان ہیں۔

ارم عباسی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیو یارک

Post a Comment

0 Comments