Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

واٹر بورڈنگ مجھے بہت پسند ہے: ٹرمپ

ریپبلکن جماعت کے متوقع صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے لیے واٹر بورڈنگ کے ذریعے تشدد کے طریقے کی حمایت کی ہے اور کہا ہے یہ طریقہ ’مجھے بہت پسند ہے‘۔ انھوں نے یہ بات اوہائیو میں ریلی کے دوران کہی۔ انھوں نے یہ بات ایسے وقت کی ہے جب ترکی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خود کش حملوں میں 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انھوں نے ریلی سے خطاب میں کہا ’آگ سے لڑنے کے لیے آگ ہی کا استعمال کرنا ہو گا۔‘

یاد رہے کہ واٹر بورڈنگ کو صدر براک اوباما نے ٹارچر قرار دیتے ہوئے 2006 میں اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ترکی کے حکام کا ماننا ہے کہ اتاترک ہوائی اڈے پر خود کش حملوں کے پیچھے دولت اسلامیہ ہی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’ہمیں سفاکانہ اور پرتشدد طریقے سے لڑنا ہو گا کیونکہ جن کے ساتھ ہمارا واسطہ پڑا ہے وہ پرتشدد لوگ ہیں۔‘ ریلی کے دوران ایک موقعے پر انھوں نے ہجوم سے پوچھا ’آپ لوگوں کا واٹر بورڈنگ کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘
عوام نے تالیاں بجائیں اور ٹرمپ نے کہا ’مجھے بہت پسند ہے۔ میرے خیال میں یہ طریقہ زیادہ سخت نہیں۔‘
انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکی حکومت نے واٹر بورڈنگ پر پابندی عائد کر دی ہے ’لیکن دولت اسلامیہ سر قلم کر سکتی ہے، پنجروں میں لوگوں کو ڈوبا سکتی ہے اور جو چاہے کر سکتی ہے۔‘ڈیموکریٹک جماعت کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے اتاترک ہوائی اڈے پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ ’ہمیں اپنے مشرق وسطیٰ اور یورپ میں اتحادیوں اور پارٹنرز کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر کرنا ہو گا تاکہ اس خطرے کا مقابلے کیا جا سکے۔‘یاد رہے کہ ٹرمپ کو اپنی ہی جماعت سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ انھوں نے مسلمانوں کی امریکہ میں آمد کو روکنے کے لیے امریکی سرحدوں کو بند کرنے کا کہا تھا۔ اس سے قبل ٹرمپ نے ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ تجارتی معاہدے کا موازنہ ریپ سے کیا اور تنبیہہ کی کہ وہ تجارتی جنگ میں چین کا مقابلہ کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments