Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

ڈیٹا ریکوری : بیک اپ کے بغیر ڈیٹا کیسے واپس لیا جا سکتا ہے

اگر آپ کا موبائل فون گر کر چکنا چور ہو جاتا ہے تو آپ کو فون کے نقصان سے
زیادہ پریشانی اس ڈیٹا کی ہوگی جو اس میں محفوظ ہے۔ اس پریشان کُن صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔ آئیے جانتے ہیں کہ کمپیوٹر ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا قدم اٹھانے چاہئیں۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے کن کن باتوں کا دھیان رکھنا چاہیے۔ کوئی بھی شخص اپنے سسٹم کے ڈیٹا کو پچھلے بیک اَپ کو بغیر کسی پریشانی کے واپس حاصل کرسکتا ہے۔ اسے تکنیکی زبان میں سسٹم کو ری اسٹور کرنا کہتے ہیں۔

 کبھی کبھی آپ کوئی ضروری ڈیٹا ڈیسک ٹاپ یا مائی ڈاکیومنٹ میں رکھ دیتے ہیں۔ ایسا نہ کرنا سب سے بہتر ہوتا ہے۔ بطور احتیاط آپ اپنا ڈیٹا ڈیسک ٹاپ یا ہارڈ ڈسک کے اس ڈرائیو میں نہ سیوکریں، جس میں آپریٹنگ سسٹم انسٹال کیا گیا ہو۔ اگر سسٹم کے آپریٹنگ سسٹم میں کسی طرح کی ایرر آتی ہے اور آپ کا سسٹم بوٹ نہیں کرپاتا ہو، تو آپ کو اس ڈرائیو کو فارمیٹ کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں اس میں رکھی گئی ساری فائلوں یا ڈیٹا کو واپس پانا عام طور پر مشکل ہوجاتا ہے۔ اگر ڈیٹا اپنے کسی دوسرے ڈرائیو میں سیو کیا گیا ہے، تو ڈرائیو کو ری فارمیٹ کرنے کے بعد بھی ڈیٹا محفوظ رہے گا عام طورپر لوگ ڈیسک ٹاپ پر وہی فائل یا فولڈر رکھتے ہیں، جنھیں آپ بار بار استعمال میں لاتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ڈیٹا لاس کے امکانات کم سے کم ہوجاتے ہیں۔

وقتاً فوقتاً اپنے ضروری فولڈرز اور فائلوں کا بیک اَپ کسی سی ڈی ، ڈی وی ڈی، ایکسٹرنل ہارڈڈسک، پین ڈرائیو میں لیتے رہیں۔ یہ کچھ عام معلومات ہیں، جنھیں دھیان میں رکھ کر آپ کئی بڑے مسائل سے بچ سکتے ہیں۔

 جو کام نہیں کرنے ہیں
 ڈیٹا کے نقصان کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں، جیسے کہ کمپیوٹر ہارڈ ڈسک کام کرنا بند کر دے، ڈیٹا کرپٹ ہوجائے، فائل فارمیٹ میں تبدیلی ہوجائے یا غلطی سے کوئی فائل ڈیلیٹ ہوجائے۔ اگر ان میں سے کسی وجہ سے آپ کے کمپیوٹر کا ڈیٹا لاس ہوگیا ہے، تو آپ کوئی جلدبازی نہ کریں۔

سمجھداری اور تحمل سے کام لیں،آپ کا ڈیٹا واپس آسکتا ہے۔اس کے لیے آپ اپنے سسٹم میں انسٹال ریکوری سافٹ ویئرکا استعمال کرسکتے ہیں، جو ونڈو آپریٹنگ سسٹم میں پہلے سے اِن بلٹ ہوتا ہے۔ اس کا استعمال کرکے آپ اپنا ڈیٹا واپس پاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ دیگر سافٹ ویئر یا کہیں تھرڈ پارٹی ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر کا استعمال کرسکتے ہیں۔ ریکوری سافٹ ویئر کا استعمال کرنے سے پہلے کچھ خاص باتوں کا خیال رکھیں۔

٭:جب تک آپ اپنی ڈیٹا ریکوری نہ کرلیں، تب تک اپنے کمپیوٹر کا استعمال کم سے کم کریں۔
٭:جس ہارڈ ڈسک سے ڈیٹا ریکوری کرنی ہے، ا س میں کوئی بھی نیا ڈیٹا کاپی نہ کریں۔
٭:اگر بہت زیادہ ضروری نہ ہو، تو ریکوری تک اس سسٹم پر انٹرنیٹ کا استعمال نہ کریں، کیونکہ برائوزنگ یا ڈائون لوڈ ہونے والا ڈیٹا ہارڈ ڈسک پر ہی سیو ہوتا ہے۔
٭:ایسے بڑے پروگرام بھی نہیں چلانے چاہئیں، جو پرائمری میموری کے علاوہ ہارڈ ڈسک اسپیس لیتے ہوں۔
٭:ڈیٹا ریکوری شروع کرنے سے پہلے ہارڈ ڈسک میں جگہ بنا لیں۔ ایسا کرنے سے پرانی محفوظ فائلیں ریکوری کے وقت اوور رائٹ نہیں ہوں گی۔
٭:جن کی ضرورت نہیں ہے،ان فائلوں کو ڈیلیٹ کر دیجئے اور اپنے انٹرنیٹ برائوزر کا کیش ڈیلیٹ کردیجئے۔
٭:اگر آپ تھرڈ پارٹی ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر کو ڈیٹا کے نقصان ہونے کے بعد انسٹال کرتے ہیں، توڈیٹا کے اوور رائٹ ہونے کے چانس سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔
اگر آپ خوش قسمت ہیں اور آپ کا ڈیٹا محفوظ ہے، تو آپ کو ڈیٹا کے نقصان سے پہلے ہی اپنے کمپیوٹر پر ڈیٹا ریکوری پروگرام انسٹال کرلینا چاہیے۔ ایک ڈیٹا ریکوری پروگرام کو آپ کے ڈیٹا کا اچھا انشورنس مانا جاتا ہے،اس لیے جس ہارڈ ڈسک پر ڈیٹا گم ہوا ہوا ہے،تو اس میں ریکوری سافٹ ویئر انسٹال نہیں کرنا چاہیے۔
٭:اگر ہارڈ ڈسک بوٹ نہیں کررہی ہو یا پرائمری ہارڈ ڈسک کی شکل میں چل پانے کے قابل نہیں ہے اور اس میں ضروری ڈیٹا ہے، تو اس حالت میں آپ اس ہارڈ ڈسک کو دوسرے کمپیوٹر میں سیکنڈری ہارڈ ڈسک کی شکل میں استعمال کرکے ڈیٹا واپس پا سکتے ہیں۔ محفوظ پیریفرل ڈوائس ویسے تو عام طور پر بیک اَپ ہارڈ ڈسک کے دوسرے پارٹیشن میں یا دیگر کسی بھی میڈیااسٹوریج ڈیوائس میں لیا جاسکتا ہے، 

لیکن آج کے دور میں کچھ خاص اور کارآمد ڈوائس فراہم ہیں، جنھیں ہم اور محفوظ طریقے سے بیک اَپ کے لیے استعمال میں لا سکتے ہیں۔ عام طور پر ڈیٹا کے سائز کی بنیاد پر ڈوائس کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

1:یو ایس بی اسٹوریج یو ایس بی کہیں یا پین ڈرائیو ، یہ بیک اَپ لینے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ الگ الگ صلاحیت کے پین ڈرائیو بازار میں دستیاب ہیں۔ ان کے ساتھ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ان کاسائز کافی چھوٹا ہوتا ہے،اس وجہ سے انھیں ہمیشہ اپنے پاس رکھا جاسکتا ہے۔

2 کلائوڈ کمپیوٹنگ کلائوڈ کمپیوٹنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیا شعبہ ہے۔ اس میں ہم اپنا ڈیٹا انٹرنیٹ کے ذریعہ کسی کمپنی کے سرور پر سیو رکھتے ہیں، جسے انٹرنیٹ کے ذریعہ کہیں بھی اور کبھی بھی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ آج کل گوگل، مائیکروسافٹ ، یاہو جیسی آئی ٹی کمپنیاں یہ خدمت اپنے صارفین کو مفت فراہم کررہی ہیں، لیکن یہ ایک محدود اسپیس مہیا کرتی ہیں، اگر کسی صار ف کو زیادہ اسپیس کی ضرورت ہے، تو وہ اس کے لیے ضروری فیس دے کر اسے بڑھا سکتے ہیں۔ لیکن اس کی دو خامیاں ہیں، پہلی یہ کہ اسے ایکسس کرنے کے لیے انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی ہے، دوسری یہ کہ آپ کی معلومات اور فائلیں دوسرے کے سرور پر سیو ہوتی ہیں، اس وجہ سے اسے محفوظ نہیں مانا جاسکتا ہے۔

3 ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو اگر آپ ایک USB پین ڈرائیو سے زیادہ والیوم چاہتے ہیں، تو آپ ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو کو استعمال میں لاسکتے ہیں۔ بازار میں پورٹیبل ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو دستیاب ہے، جو آپ کی پوری ہارڈ ڈسک کا بیک اَپ ایک ساتھ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ابھی بازار میںGB,TB,PB 1)پینٹا بائٹ (1000PB= میں ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو دستیاب ہیں۔ آج کل USB ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو کو لوگ زیادہ ترجیح دے رہے ہیں ،جو کہ پلگ اینڈ پلے، ا س کا مطلب یہ ہے کہ اسے چلانے کے لیے اس میں پاور سپلائی نہیں کرنی پڑتی ہے۔ یہ پین ڈرائیو کی طرح استعمال کی جاسکتی ہے۔

 4 ای۔ میل بیک اَپ اگر ڈیجیٹل بیک اَپ کے اوپر دیے گئے وسائل میں آپ کے پاس کچھ نہیں ہے اور آپ فوری طور پر خریدنے کی حالت میں نہیں ہیں، تو آپ کلائوڈ کمپیوٹنگ یا ای۔ میل کو استعمال میں لاسکتے ہیں۔ لیکن، ای۔ میل پر بیک اَپ ہم صرف ان ہی فائلوں کا بنا سکیں گے، جو بہت ضروری ہوا ور اس کا والیوم 20 سے 25 ایم بی (میگا بائٹ) (1024KB=1MB) کے اندر ہو۔ اسے بھی دنیا کے کسی بھی کونے سے کہیں بھی کبھی بھی ایکسس کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے لیے انٹرنیٹ ہونا لازمی ہے۔

 5 کمپیوٹر فائل سسٹم سسٹم بیک اَپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی ڈرائیو NTFS فائل سسٹم کے ذریعہ فارمیٹ کی گئی ہو۔ ونڈوز میں ہارڈ ڈسک کے پارٹیشن کو دو الگ الگ فائل سسٹم میںفارمیٹ کرنے کی آسانی موجود ہے۔ یہ ہے FAT اور NTFS فائل سسٹم۔ حالانکہ آج کل قریب قریب سبھی لوگ بہتر اور نئے NTFS فائل سسٹم کا ہی استعمال کرتے ہیں۔ اپنے کمپیوٹر میں ونڈوز انسٹال کرتے وقت آپ اس بات کا دھیان رکھیں یا اگر آپ کسی ہارڈویئر انجینئر سے سسٹم فارمیٹ کروارہے ہیں، تو فارمیٹ کراتے وقت اس سے کہہ دیں کہ وہ اسے NTFS فائل سسٹم میں فارمیٹ کریں، کیونکہ اس میں ڈیٹا کی سیکورٹی، ایکسس 
اور بیک اَپ کی جدید سہولتیں موجود ہیں۔

فائزہ نذیر احمد

Post a Comment

0 Comments