Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

مقبول میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے بانی پاول دروف کون ہیں؟

39 سالہ پاول دروف روس میں پیدا ہوئے تھے مگر اب وہ دبئی میں رہتے ہیں۔ ٹیلی گرام ایپ کو بھی دبئی سے چلایا جا رہا ہے۔ فوربز میگزین کے مطابق دروف کے پاس 15.5 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔ دروف نے 2013 کے دوران ٹیلی گرام کی بنیاد رکھی تھی۔ انھوں نے 2014 میں روس چھوڑ دیا تھا جب حکومت نے ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’وی کے‘ پر حزب اختلاف کی سرگرمیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے اپنی وہ کمپنی فروخت کر دی تھی۔ دروف کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا دینے سے انکار پر روس میں 2018 کے دوران ٹیلی گرام پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ مگر 2021 میں یہ پابندی ہٹا دی گئی تھی۔ فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کی طرح ٹیلی گرام کو بھی بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ خاص طور پر روس، یوکرین اور سابقہ سوویت یونین ریاستوں میں ایک مقبول میسجنگ ایپ ہے۔

دروف کے پاس فرانس اور متحدہ عرب امارات دونوں کی شہریت ہے۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ روس اب بھی انھیں ایک روسی شہری تصور کرتا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فرانس میں روسی سفارتخانے نے اس گرفتاری کے بعد فوری اقدامات کیے ہیں، اس کے باوجود کہ انھیں دروف کے نمائندوں کی طرف سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس گرفتاری پر وضاحت طلب کی ہے اور دروف کو قونصلر رسائی اور تحفظ فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکام روس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ٹیلی گرام پر یہ سوال پوچھا ہے کہ کیا انسانی حقوق کی مغربی تنظیمیں دروف کی گرفتاری پر خاموش رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے دوران روس میں ٹیلی گرام کی بندش پر انھی تنظیموں نے تنقید کی تھی۔

بشکریہ بی بی سی اردو


Post a Comment

0 Comments