Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

نوکیا فونز کا عہد ختم ہونے کے قریب

کئی سال تک دنیا بھر میں مقبول فون برانڈ کا درجہ رکھنے والے برانڈ نوکیا کے اسمارٹ فونز بند ہونے کے قریب ہیں اور ممکنہ طور پر دو سال بعد اس کے اسمارٹ فونز نہیں بنائے جائیں گے۔ نوکیا کے اسمارٹ فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ہیومن موبائل ڈیوائسز (ایچ ایم ڈی) نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے نام سے فونز متعارف کرائے گی جب کہ نوکیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تصدیق کی گئی کہ اس کے اکاوؕنٹس اگلے ہفتے سے بند کر دیے جائیں گے۔ ایچ ایم ڈی کی جانب سے اپنے نام سے اسمارٹ فونز کو متعارف کرائے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمپنی نوکیا کے نام سے اسمارٹ فونز متعارف نہیں کرائے گی۔ مذکورہ کمپنی نے نوکیا کے نام سے اسمارٹ موبائل متعارف کرانے کا لائسنس 2016 میں حاصل کیا تھا اور ان کے پاس لائسنس کے حقوق 2026 تک ہوں گے، اس وقت تک کمپنی موبائل فونز متعارف کرا سکتی ہے لیکن 2026 کے بعد کمپنی نوکیا کے فون بنانا بند کرے گی اور ممکنہ طور پر کوئی دوسری کمپنی بھی نوکیا کے برانڈ کے فونز نہیں بنائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

عین ممکن ہے کہ کوئی دوسری کمپنی نوکیا کے اسمارٹ فونز بنانے کا لائسنس حاصل کرے اور وہ برانڈ کو اپنائے لیکن فوری طور پر اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ اسمارٹ موبائلز کے علاوہ نوکیا کے فیچر یعنی سادہ موبائلز مختلف کمپنیاں متعارف کراتی رہیں گی اور نوکیا کے سادہ فونز کو متعارف کرانے کے لائسنس بھی مختلف کمپنیوں نے حاصل کر رکھے ہیں۔ نوکیا فن لینڈ کی ایک ملٹی نیشنل موبائل، کمیونی کیشن اینڈ الیکٹرانک ڈیوائسز مینوفیکچرنگ کمپنی ہے جو مختلف کمپنیوں کو اپنی ڈیوائسز بنانے کے لائسنس فراہم کرتی ہے۔ مذکورہ کمپنی اگرچہ 1850 میں بنائی گئی تھی لیکن نوکیا نے موبائل فونز بنانے کا آغاز 1990 میں کیا تھا اور ابتدائی طور پر کمپنی نے سادہ فونز متعارف کرائے تھے، جنہوں نے بہت مقبولیت حاصل کی اور نوکیا فونز 2010 تک مقبول رہے۔ اسمارٹ فونز کے دور کے بعد حیران کن طور پر نوکیا اپنا نام برقرار نہ رکھ سکی اور اس کے اسمارٹ فونز بھی وہ توجہ حاصل نہ کر سکے جو دیگر کمپنیوں نے حاصل کی۔

بشکریہ ڈان نیوز
 


Post a Comment

0 Comments