Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

چی گویرا کی پورٹریٹ بنانے والے مصور نے احد تمیمی کی تصویر بھی بنا دی

ارجنٹائن کے انقلابی لیڈر چی گویرا کی ایک پورٹریٹ سے مقبول ہونے والے آئرلینڈ کے مصور نے فلسطینی مزاحمت کی علامت لڑکی عہد تمیمی کی تصویر بنا کر آزادی کے اس استعارے کو قابض فوج کے سامنے ڈٹ جانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئرش مصور جمِ فیٹز پیٹرک نے اسرائیلی جیل میں قید احد تمیمی سے اظہار یکجہتی کے طور پر ان کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے جس میں فلسطینی مزاحمت کار کو ہالی ووڈ کی معروف فلم اور کامک کریکٹر ونڈر وومین کی مناسبت سے حقیقی ’ونڈر وومین‘ قرار دیا ہے۔

مصور نے تصویر کو ابلاغ کے لیے کاپی رائٹ فری کیا ہے تاکہ فلسطینی لڑکی سے ہمدردی رکھنے والے نئی تصویر کو آن لائن پھیلا دیں۔ آئرش مصور کی جانب سے احد تمیمی کی تصویر بنانے کا مقصد فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانا اور دنیا کو اس سے آگاہ کرنا ہے۔ فلسطینی باشندوں نے جمِ فیٹز پیٹرک کی اس نئی تصویر پر مبنی بڑے بڑے بل بورڈز مقبوضہ بیت المقدس کی سڑکوں پر آویزاں کر دیے ہیں۔ اسی ضمن میں امریکی مزاحیہ اداکارہ سارہ لیورمین نے بھی احد تمیمی کے حق میں آوازاٹھاتے ہوئے یہودیوں کو اسرائیلی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
 

Post a Comment

0 Comments