Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

القدس پر قبضے کا سوچنے والے درختوں کے پیچھے بھی نہیں چھپ سکیں گے، رجب طیب اردگان

ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر قبضے کا سوچنے والے یہ ذہن نشین کر لیں کہ مستقبل میں انہیں چھپنے کے لیے ایک درخت تک نہیں ملے گا۔ ترک میڈیا کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں کاروباری شخصیات اور تاجروں کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر طیب اردگان نے کہا کہ ٹرمپ کے اعلان نے امریکا کو نہتے فلسطینیوں کی اسرائیلوں کے ہاتھوں خونریزی کا حصہ دار بنا دیا ہے جب کہ ہم نے امریکی فیصلے کو تسلیم کیا ہے اور نہ کبھی کریں گے، ہمیں یا اہلِ فلسطین کو ٹرمپ کا فیصلہ ماننے پر کوئی پابند نہیں کر سکتا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کو مسلمانوں کے لیے زندان بنانے والے سنُ لیں کہ فلسطین کی آزادی تک مسلمان جدوجہد جاری رکھیں گے، القدس کے معاملے پر جو کوئی مظلوموں کا ساتھ نہیں دے گا اسے عالمی امن سے متعلق کچھ بھی کہنے کا حق نہیں ہے جب کہ جو لوگ القدس پر قبضے یا اس کا مالک بننے کا سوچ رہے ہیں وہ جان لیں کہ انہیں کل کسی درخت کے پیچھے بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قبل ازیں طیب اردگان نے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی دارالحکومت بنانے پر اسرائیل کو دہشتگردی ریاست قرار دیا تھا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ نہتے اور معصوم فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے ہم فلسطینیوں کو صہیونیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
 

Post a Comment

0 Comments