Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

ٹوکیو کے ایمان دار شہری

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی پولیس نے کہا ہے کہ گذشتہ سال دیانت دار شہریوں نے ریکارڈ مقدار میں گم ہونے والی رقم حکام کے حوالے کی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس دوران شہریوں نے تین کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے مساوی کی گمشدہ رقم واپس کی۔ اس کے علاوہ گم ہونے والی دوسری اشیا میں چھتریاں، موبائل فون اور پالتو پرندے شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذاتی استعمال کی چیزوں کا حجم کم ہوتا جا رہا ہے اس لیے ان کا گم ہونا بھی آسان تر ہو گیا ہے۔ جاپان میں گم شدہ اشیا واپس کرنے کا ایک فائدہ ہے: اگر مالک نے تین ماہ کے اندر اندر آ کر اپنی چیز وصول نہ کی تو اس شخص کو دے دی جائے گی جسے ملی تھی!
تاہم حیرت انگیز طور پر بہت سے ایسے لوگوں نے جنھیں رقم ملی تھی، تین ماہ گزر جانے کے بعد بھی اسے لینے سے انکار کر دیا اور یوں شہر کی بلدیہ کے حصے میں 39 کروڑ ین آ گئے۔ گذشتہ سال سپورٹس نپون نامی چینل نے خبر دی تھی کہ ایک شخص نے ایک بیگ واپس کیا جس میں سوا لاکھ ڈالر کے برابر رقم کے نوٹ بھرے ہوئے تھے۔ ٹوکیو کو اپنے شہریوں کی دیانت داری پر فخر ہے، اور جاپان نے یہی نکتہ 2020 کے اولمپک کھیلوں کا میزبان بننے کی کامیاب مہم کے دوران بھی پیش کیا تھا۔ ٹوکیو آنے والے بہت سے سیاحوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کے کھوئے ہوئے بٹوے اور دوسری قیمتی چیزیں بعد میں مل گئیں۔

Post a Comment

0 Comments