Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

انڈیا میں ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نوے فیصد مزدوروں کو ’غلامی‘ کا سامنا

بھارت کی جنوبی ریاستوں کی بڑی صنعت 'سپنگ انڈرسٹری' میں جو مغربی
ممالک کے بڑے بڑے برانڈ کے لیے دھاگہ یا یارن تیار کرتی ہیں ان میں کام کرنے والے مزدوروں اور ہنرمندوں میں سے نوے فیصد کو غلامی کی مختلف اقسام جن میں 'چائلڈ لیبر' بھی شامل ہے کا سامنا ہے۔ خبر رساں ادارے روائٹر کی ایک تحقیقاتی رپوٹ کے مطابق اس سنگین صورتحال پر ماہرین نے ملوں کی نگرانی کے نظام اور آڈٹ کو مزید سخت کرنے کی تجویز دی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم انڈین کمیٹی آف نیدرلینڈ (آئی سی این) نے بھارتی ریاست تمل ناڈو میں جو بھارت میں سوتی دھاگہ بنانے والی صنعت کا سب سے بڑا مرکز ہے وہاں قائم آدھی ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں سے بات کی ہے۔

تمل ناڈو میں قائم ڈیڑھ ہزار سے زیادہ ملوں میں سے سات سو چونتیس 734 ملوں میں کام کرنے والی خواتین جن سے اس تحقیق کے دوران بات کی گئی ان میں اکثریت کی عمریں چودہ سے اٹھارہ برس کے درمیان تھیں اور تقریباً بیس فیصد خواتین کی عمر چودہ سال سے کم تھیں۔ اس تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان مزدور خواتین اور مردوں کو طویل اوقات تک کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے اور اکثر مل مالکان ان غریب مزدوروں کی تنخواہیں روک لیتے ہیں اور انھیں کمپنی کے ہاسٹلوں میں بند کر دیا جاتا ہے۔ ان میں بہت سے مزدوروں کو جنسی طور پر ہراساں بھی کیا جاتا ہے۔ آئی سی این ڈائریکٹر جیراڈ اونک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس مسئلہ کو پانچ سال سے اٹھا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود نئی تحقیق میں اس مسئلہ کی جو سنگینی سامنے آئی ہے وہ ان کے لیے بھی حیران کن ہے۔ تمل ناڈ میں سپنگ ملز ایسوسی ایشن کے مشیر اعلیٰ کے وینکٹاچالم کا کہنا ہے کہ انھیں کسی ایسی تحقیق کے بارے میں علم نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حال ہی میں مدراس ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اب اس صنعت میں ایسے مسائل اب موجود نہیں ہیں۔ وینکٹاچالم نے روائٹرز کو بتایا کہ 'یہ معاملہ اب ختم ہو گیا ہے۔' 
بھارت دنیا میں ٹیکسٹائل اور کپڑے بنانے والے بڑے ملکوں میں شامل ہے۔ جنوبی ریاست تمل ناڈو میں سولہ سو ملیں قائم ہیں جن میں دو لاکھ سے چار لاکھ کے درمیان مزدور کام کرتے ہیں۔ روایتی طور پر 'ڈائنگ یونٹس، سپنگ ملوں اور تولیے بنانے والی فیکٹریوں میں تمل ناڈو کے دیہات سے لوگ کم اجرتوں پر آ کر کام کرتے ہیں جو کپاس سے دھاگہ اور کپڑے بناتی ہیں جو مغربی ملکوں کے بڑے بڑے سٹور میں فروخت ہوتے ہیں۔ ان میں اکثریت نچلی ذات کی دلت کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نوجوان دیہاتی ناخواندہ خواتین کی ہوتی ہے ۔ انھیں اکثر زور زبردستی، نامناسب جارحانہ لب و لہجے اور بدکلامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کو جنسی طور پر ہراساں بھی کیا جاتا ہے۔

آئی سی این نے کہا کہ اس تحقیق میں جن ملوں کا انھوں نے احاطہ کیا ان میں مزدوروں کو کام کے اوقات کے بعد کمپنی کے ہاسٹلوں سے نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ ان میں سے صرف انتالیس ملیں اجرتیں کم از کم مزدوری کے مطابق ادا کر رہیں تھیں اور آدھے سے زیادہ ملوں میں مزدوروں کو ہر ہفتے میں مجموعی طور پر ساٹھ گھنٹے یا اس سے زیادہ کام کرنا پڑتا تھا. آئی سی این کو ایک اٹھارہ سالہ مزدو لڑکی نے بتایا کہ ان ملوں میں سپروائزر لڑکیوں پر تشدد کرتے ہیں تا کہ ان سے زیادہ سے زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔  ایک اور کم عمر لڑکی کلیاچولی نے جو ہر ماہ اٹھ ہزار اجرت وصول کر رہی تھی بتایا کہ اسے بارہ گھنٹے مسلسل کام کرنے پر مجبور کیا جاتا اور اس دوران انھیں کھانے اور حتی کہ یبت الخلا جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔ انھوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے انھیں صحت کے بہت سے مسائل پیش آ رہے ہیں جن میں آنکھوں میں مستقل جلن، بخار، پیروں میں درد اور معدے کی خرابی شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments