Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

چین دنیا بھر کے گدھے خریدنے کے لیے کوشاں کیوں ؟

چین اس وقت دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے تمام گدھوں کو
خریدنے کے لیے کوشاں ہے.تا کہ انہیں طبی مصنوعات اور ادویہ سازی میں استعمال کیا جاسکے۔ بالخصوص جیلاٹن اور بعض امراض کے علاج کی دوائیں تیار کرنے کے لیے ، ان میں خون کی گردش کا مسئلہ ، چکر آنا وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شدت کے ساتھ خون بہنے کو روکنے ، خون کی کمی دور کرنے اور خون کے خلیوں کی تعداد کم ہونے کی دوائیں تیار کی جاتی ہیں۔ برطانوی اخبار "دی انڈیپنڈنٹ" نے امریکی نیوز نیٹ ورک "سی این این" کے حوالے سے بتایا ہے کہ چین میں گدھوں کی تعداد 1 کروڑ 10 لاکھ سے کم ہو کر 60 لاکھ رہ گئی ہے۔ ادھر نائیجر میں ایک سرکاری ذمہ دار نے "بی بی سی" کو بتایا کہ رواں سال افریقی ممالک سے تقریبا 80 ہزار گدھے چین کو برآمد کیے گئے۔ اس کے مقابل گزشتہ برس یہ تعداد 27 ہزار تھی۔

متعدد افریقی ممالک نے جن میں نائیجر اور بورکینا فاسو شامل ہیں رواں ماہ چین کو گدھوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی۔ اگرچہ افریقہ میں گدھے کی اوسط قیمت میں تین گنا اضافہ ہوچکا ہے اور اس کی تجارت انتہائی منافع بخش بن چکی ہے۔ اس امر کی وجہ سے افریقہ کے دیگر ممالک مثلا کینیا نے چینی تاجروں کو گدھوں کو کاٹنے کے لیے ایک نیا مذبح خانہ کھولنے کی اجازت دے دی جہاں روزانہ 100 گدھوں کو کاٹا جاتا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق چینی ماہر چن یونگ فن نے چین کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دواسازی کی صنعت کی سپورٹ کے لیے ملک میں گدھوں کی قلت کے بحران کو حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ گدھے پالنے والوں کے لیے معاونت پیش کر کے انہیں سپورٹ کرے۔

جاپان بھی گدھوں کی تلاش میں

دوائیں تیار کرنے والی جاپانی کمپنی "كوماہو" نے دو سال قبل مصری حکومت کو 10 لاکھ گدھے خریدنے کا آرڈر دیا تھا۔ ایک مصری روزنامے کے مطابق اس ڈیل کی مالیت تقریبا 50 کروڑ ڈالر تھی۔ کمپنی نے اپنی پیش کش میں باور کرایا تھا کہ اس ڈیل کا مقصد گدھوں کی کھال سے ایک خاص مواد نکالنا ہے جو ایک جاپانی دوا میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ دوا مشرقی ایشیا کے متعدد ممالک کو برآمد کی جاتی ہے۔ گدھوں کی کھال متعدد مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ان میں کھالوں سے کولاجن نامی مواد نکال کر چہروں اور جسم کی جھریوں کے علاج کی دوا تیار کرنا اہم ترین ہے۔  گدھے کی چکنی کھال کو جاپان میں بعض کاسمیٹکس کی تیاری میں بھی کام میں لایا جاتا ہے۔

لعربیہ ڈاٹ نیٹ – عنتر سعيد

Post a Comment

0 Comments