Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

دنیا کے بہترین کتاب فروش (بُک اسٹورز)....


(شیکسپیئر اینڈ کمپنی ( پیرس 

فیشن اور خوش بو کی سرزمین پیرس میں ’ شیکسپیئر اینڈ کمپنی ‘ کے نام سے یہ اسٹور جارج وائٹ مین نے قائم کیا تھا۔ پیرس کے ایفل ٹاور اور دیگر خوب صورت مقامات کی طرح ’شیکپیئر اینڈ کمپنی ‘ بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس اسٹور میں ہالی وڈ کی دو مشہور فلموں’بی فور سن سیٹ‘ اور ’مڈنائٹ ان پیرس‘ کی عکس بندی بھی ہوچکی ہے۔ نئی اور پرانی کتابوں کی خریدوفروخت کے ساتھ یہ اسٹور انگریزی ادب کے دل داہ افراد کے لیے لائبریری کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

 El Ateneo ( بیونس آئرس، ارجنٹینا)

  سنیما گھر کی ایک تاریخی عمارت نے مطالعے کے شوقین ارجٹینی عوام کے لیے ایک عظیم الشان کتاب گھر کی شکل میں جنم لیا۔ ادب اور قدیم فن تعمیر کا خوب صورت امتزاج یہاں آنے والے ہر شخص کو اپنی خوب صورتی سے مسحور کر دیتا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ El Ateneo کا شمار دنیا کے دوسرے سب سے خوب صورت بک اسٹور میں کیا جاتا ہے۔ یہ حسین بک اسٹور اپنے قیام سے اب تک 7لاکھ سے زاید کتابیں فروخت کر چکا ہے اور ہرسال دنیا بھر سے تقریباً دس لاکھ افراداس کتاب گھر کا دورہ کرتے ہیں۔ تھیٹر کے ارغوانی پردے، چھت پر نفاست سے کی گئی کندہ کاری اورمنفرد فن تعمیر نہ چاہتے ہوئے بھی کتاب سے محبت پیدا کردیتی ہے۔ اس عمارت کے اندرونی حصے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور تھیٹر کی گیلریوں میں کتابوں کو بڑی نفاست سے سجایا گیا ہے۔

Libraries avant garde( نان جنگ، چین)

چین کے اس سب سے خوب صورت کتاب گھر کو ایک ایسی جگہ قائم کیا گیا ہے جو کسی زمانے میں گولہ بارود رکھنے میں استعمال کی جاتی تھی۔4ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر محیط اس بک اسٹورز میں ہزاروں کی تعداد میں پرانی کتابیں موجود ہیں، جب کہ 300افراد کے بیٹھنے کے لیے ایک آرام دہ لائبریری بھی بنائی گئی ہے۔ یہ بک اسٹور نہ صرف سیاحوں کی دل چسپی کا محور ہے، بل کہ اسے نان جنگ یونیورسٹی کی دوسری لائبریری کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے Librairie Avant-Garde کے مالک زیان زیاؤ ہوا کا کہنا ہے کہ ’’ایک بہترین بک اسٹور میں انسانی فطرت کو مد نظر رکھنا چاہیے کہ وہ کون سے عوامل ہیں جو کسی بھی انسان کو مطالعے کی جانب راغب کرسکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے بک اسٹور کو اس طرح ڈیزائن کیا ہے کہ یہاں آنے والا ہر فرد نہ چاہتے ہوئے بھی مطالعہ شروع کر دیتا ہے۔‘‘

Assouline Venezia (وینس، اٹلی)

اٹلی کے شہر روم میں اٹھارہویں صدی کی تاریخی عمارت میں قائم کیا گیا یہ اسٹور ہاتھ سے لکھی گئی منہگی کتابوں کی فروخت کے حوالے سے بھی مشہور ہے اور ہر سال وینس آنے والے سیاح اس کتاب گھر کا دورہ اور تحفے میں دینے کے لیے کتب کی خریداری اسی اسٹور سے کرتے ہیں۔

Livraria Lello (پرتگال)

اٹھارہویں صدی کے اس حسین ترین پبلشنگ ہاؤس کو 1906میں آرکٹیکچر انجینئر زیویئر اسٹیوز نے فن تعمیرات کا نمونہ بنادیا۔ ایک صدی بعد بھیLivraria Lello شمار دنیا کے سب سے خوب صورت کتاب گھروں میں ہوتا ہے۔ قرون وسطی دور کی تعمیرات اور جدید دور کے شیشے اور لکڑی کے کام نے اس عمارت کی خوب صورتی کو چار چاند لگادیے ہیں۔ یہ کتاب گھر پرتگال کے سب کے خوب صورت مقامات میں سے ایک ہے۔

Boekhandel Domincanen (نیدر لینڈ)
تیرہویں صدی میں گیارہ سو اسکوائر میٹر رقبے پر تعمیر ہونے والے ڈومینیکن چرچ کی عمارت کو 2006 بک اسٹور میں تبدیل کردیا گیا۔ اس قبل یہ عمارت، چرچ، آرکسٹرا اور بھیڑوں کے مذبح خانے کے طور پر بھی استعمال ہوتی رہی۔ ڈچ، انگریزی اور فرانسیسی، اسپینی اور اطالوی زبانوں میں 40 ہزار کتابوں کا ذخیرہ رکھنے والے اس کتاب گھر کی وجہ شہرت یہاں کی خوش ذائقہ کافی بھی ہے۔ اس اسٹور کے زیراہتمام سالانہ 140 سے زاید ادبی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
( پوویل سٹی آف بکس ( اوریگن

امریکی ریاست اوریگن میں واقع اس بک اسٹور کا شمار نئی اور پرانی کتابیں رکھنے والے دنیا کے سب سے بڑے کتاب گھروں میں ہوتا ہے۔ اس کثیر المنزلہ اسٹور میں ہر موضوع پر دنیا کی تقریباً ہر زبان میں چھپنے والی کتابیں موجود ہیں۔

(بک فار کک (میلبورن

اس ڈیڑھ سو سالہ کتاب گھر کی وجہ شہرت یہاں کھانا پکانے کی تراکیب پر مشتمل کتابیں ہیں۔ اس بک اسٹور پر اٹھارہویں صدی میں کھانے پکانے کی تراکیب پر لکھی گئی کتابوں کا ذخیرہ بھی موجود ہے۔ اس بک اسٹور کے مالک ٹم وائٹ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 40 ہزار سے زاید کک بک کی کیٹلاگ موجود ہے اور ان میں سے ہر کتاب کی کم از کم 30 ہزار کاپیاں ہمارے اسٹاک میں ہیں۔

(اسٹرینڈ (نیویارک

اسٹرینڈ امریکا کے قدیم کتاب گھروں میں سے ایک ہے۔ اس اسٹور میں نئی، پرانی اور نادر کتابوں کی تعداد 25 لاکھ سے زاید ہے۔ یہاں آئرش ناول نگار James Joyce کی متنازعہ کتاب Ulysses بھی موجود ہے، جس کی قیمت 45 ہزار ڈالر ہے۔ اس بک اسٹور پر ہمہ وقت نادر کتابوں کے شائق افراد اور سیاحوں کا ہجوم موجود رہتا ہے۔

(جان کے کنگ (ڈیٹرائٹ، مشی گن

 یہ کتاب گھر سیاحوں کے لیے ایک قابل دید جگہ ہے۔ دس لاکھ سے زائد نئی اور پرانی کتابوں کا ذخیرہ رکھنے والے اس اسٹور میں کچھ نایاب کتابیں بھی موجود ہیں ۔ اسٹور کے مالک جان کے کنگ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ’’بک آف مارمن‘‘ کا پہلا ایڈیشن بھی موجود ہے جس کی قیمت ایک لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے، جب کہ 1482میں وینس میں چھپنے والی سینٹ تھوماس ایکیوناس کی تحریروں پر مشتمل کتاب بھی ہمارے ذخیرے میں موجود ہے۔

سید بابر علی

Post a Comment

0 Comments