Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو بدعنوانی کے الزامات کی زد میں

اسرائیلی پولیس نے ملکی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف رشوت ستانی اور دھوکہ دہی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر مقدمہ چلانے کا اشارہ دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ چلانے کی سفارش ان کے خلاف ایک سال سے جاری تحقیقات کی روشنی میں کی گئی ہے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے آسٹریلیوی ارب پتی جیمز پیکر اور ہالی وڈ کی شخصیت ارون میلچین کی جانب سے تقریباً تین لاکھ ڈالر مالیت کے تحائف وصول کیے ہیں۔ ان تحائف میں قیمتی سگار اور شیمپین شامل ہیں۔ ان تحائف کے بدلے میں انہوں نے 'ملچین قانون' کی حمایت کی جس کے مطابق جو اسرائیلی بیرون ملک سے اسرائیل میں رہنے کے لیے آئے ہیں، انہیں دس سال تک ٹیکس کی ادائیگی سے استثنی حاصل ہو گا تاہم اس تجویز کو وزارت معیشت کی جانب سے روک دیا گیا۔ ان پر ایک الزام اور بھی ہے کہ انہوں نے ایک اسرائیلی اخبار کو مثبت کوریج کی ہداہت کی تھی۔

پولیس کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف تیار کی جانے والی سفارشات اٹارنی جنرل کو بھجوائی جا رہی ہیں جو تمام ثبوتوں کا معائنہ کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے یا نہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ چند مہینوں میں کیا جائے گا اور اس تمام عرصہ میں اسرائیلی وزیر اعظم اپنے منصب پر قائم رہیں گے۔ یاد رہے کہ اب سے ایک دہائی قبل کچھ ایسے ہی حالات اس وقت کے وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کے سامنے بھی تھے جنہیں پولیس تحقیقات کا سامنا تھا۔ اس وقت نیتن یاہو اپوزیشن لیڈر تھے جنہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ انہیں پولیس کی جانب سے سخت تحقیقات کا سامنا ہے لہذا انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو جانا چاہئے۔
 

Post a Comment

0 Comments