Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

انتہاپسند امریکی طالبعلم نے اسکول میں فائرنگ کر کے 17 کو ہلاک کر دیا

امریکہ ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں ایک ہائی سکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پولیس نے ایک متشبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت 19 سالہ نکولوس کروز کے نام سے ہوئی ہے جو ایک سکول کا سابق طالب ہیں اور انھیں سکول سے نکالا گیا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے مقامی چینل سی بی ایس کو بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کرنے سے پہلے فائر الام بجایا جس سے افراتفری پیدا ہوئی۔ بروارڈ کاونٹی شیرف سکاٹ اسرائیل نے صحافیوں کو بتایا کہ نکلولوس کروز نے ایک رائفل استعمال کیا اور ان کے پاس ’لاتعداد میگزینز‘ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سکول کے باہر سے فائرنگ کرنا شروع کی جہاں تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے بعد وہ عمارت میں داخل ہوئے اور مزید 12 افراد کو ہلاک کیا۔

اس موقعے پر طالب علم کلاس رومز میں چھپے رہے جبکہ پولیس نے عمارت کو خالی کروایا۔ اس سے قبل سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے سپرینٹینڈینٹ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’اس میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص ’ممکنہ طور پر سابق طالب ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ شخص اب زیر حراست ہے۔‘ مقامی سکول پبلک سکول ڈسٹرکٹ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’آج مرجرری سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے قریب طالب علموں اور عملے نے کچھ ایسی آوازیں سنی جو گولیاں چلنے جیسی تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’سکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اب طالب علموں کو نکالا جا رہا ہے۔ ہمیں ممکنا طور پر زخمی ہونے والوں کے بارے میں بھی اطلاعات ملی ہیں۔‘

سکول کا کہنا تھا کہ پولیس سکول کی ایک عمارت سے طالب علموں کو نکال رہی ہے۔ کئی عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فائرنگ شروع ہوتے ہی فائر الارم بھی بجنے شروع ہو گیا تھا۔ بحٖفاظت باہر آنے والے ایک طالب علم نے سی بی ایس چینل کو بتایا کہ طالب علم سمجھے کہ یہ کوئی مشق ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آج صبح ہی ایک مشق ہوئی تھی اور جب ہم نے گولیوں کی آواز سنی، کچھ طالب علموں نے سوچا کہ یہ کوئی پریشانی والی بات نہیں۔‘ جائے وقوعہ کی ایک ویڈیو میں طالب علموں کو چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں باہر نکلتے اور مسلح پولیس کو سکول کی حدود میں گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہیلی کاپٹر سے بنائی جانے والی ایک اور ویڈیو میں ہتھکڑیوں میں بندھے ہوئے ایک شخص کو پولیس کی گاڑی میں بیٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایوری ٹاون فار گن سیفٹی کے مطابق بدھ کو ہونے والا حملہ رواں سال کسی سکول یا اس کے قریب ہونے والا 18واں واقعہ ہے۔ خیال رہے کہ سنہ 2013 سے اب تک امریکہ میں 291 ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔

 

Post a Comment

0 Comments