Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

‘حلب‘ بھوتوں کا شہر‘ جو کچھ ہوا وہ جنگی جرم تھا

شام کے شمالی شہر حلب میں خون کی ندیاں بہا دینے کے بعد امن تو قائم ہوا مگر شہر مکمل طور پر تباہ وبرباد اور ویران ہو چکا ہے۔ آبادی سے خالی اور تباہی و بربادی کے بدترین مناظر دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑی کر دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ حلب کو چھڑانے کے لیے شامی حکومت کی طرف سے جو قیامت ڈھائی گئی وہ جنگی جرم ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے حلب میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ دسمبر میں مشرقی حلب سے لاکھوں عام شہریوں اور جنگجوؤں کو نکال باہر کرنا 'جنگی جرم‘ تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقی حلب سے آبادی کا انخلا وہاں پر لڑنے والے حکومت اور اپوزیشن کے گروپوں کے درمیان ایک تزویراتی بنیادوں پر کیا گیا جس میں شہریوں کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی۔ فوجی ضرورت کے پیش نظر شہروں کےانخلاء کی اجازت دینے کے بعد مخصوص گروپوں نے جبرا شہریوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا۔ ایسا کرنا سنگین جرم تھا جسے جنگی جرم ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے تحقیق کاروں نے اپنی تازہ رپورٹس میں جولائی 2016ء سے 22 دسمبر 2016ء کے درمیانی عرصے میں مشرقی حلب پر روزانہ کی بنیاد پر شامی اور روسی فوج کی بمباری کی تفصیلات بیان کی ہیں۔ رپورٹ کےمطابق بمباری کے دوران دانستہ طور پر لاکھوں شہریوں کو ان کے گھروں سے نکالنے کے لیے اسپتالوں، اسکولوں اور شہری آبادی کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔
اقوام متحدہ کے قافلے کو قصدا نشانہ بنایا گیا
اقوام متحدہ کےتحقیقاتی کمیشن نے الزام عاید کیا ہے کہ شامی فوج کی طرف سے حلب میں امداد لے جانے والے عالمی امدادی قافلے کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا جنگی جرم تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں مغربی حلب میں ایک اقوام متحدہ اور ہلال احمر کے مشترکہ امدادی قافلے پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں امدادی کام بری طرح متاثر ہوا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ شامی فوج کی طرف سے امداد لے جانے والے کارکنوں پر بمباری کرنا سنگین جنگی جرم ہے اور اس کی تحقیقات کی جانی چاہئیں کہ آیا اقوام متحدہ کے امدادی قافلوں پر بمباری کیوں کی گئی تھی۔

Post a Comment

0 Comments