Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

کینیڈین وزیراعظم کی پاکستانی ٹرک پر بنی تصویر

ویسے تو پاکستانی ٹرکوں پر بنا آرٹ پوری دنیا میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، اور ان ٹرکوں پر بنی ملکی سیاستدانوں، اداکاروں، کھلاڑیوں اور فوجی سربراہوں کی تصاویر بھی کافی پسند کی جاتی ہیں، مگر اب پہلی بار پاکستانی ٹرکوں پر بنی مغربی سیاستدان کی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہے۔ دیکھا جائے تو کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو بھی اپنے منفرد اور مثبت اقدامات کی وجہ سے دنیا میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں، خوبصورت اور جوان ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اپنے ملک میں بسنے والے مسلمان، ہندو، سکھ، یہودی اور دیگر اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں کا دورہ کرنے سمیت ان کی تقریبات میں شرکت بھی کرتے ہیں۔
مگر گزشتہ چند ماہ کے دوران کینیڈین حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے لیے کافی مثبت اور نرم رویہ رکھنے کی وجہ سے بھی ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جب انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں پر امریکا میں آمد پر پابندی عائد کرنے کی بات کہی تھی تب کینیڈین حکومت نے مسلمانوں کو وطن آنے کی دعوت دی تھی۔ اور اب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں سمیت دیگر تارکین وطن پر پابندی کے اعلان کے بعد کینیڈین حکومت کے مثبت بیانات کی وجہ سے پاکستان میں ان کی ایک پرانی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی پاکستانی ٹرک آرٹ پر ایک سال پرانی تصویر کو ٹوئٹر اور فیس بک صارفین دوبارہ شیئر کر رہے ہیں۔ جسٹن ٹروڈو کی پاکستانی ٹرک پر بنی تصویر جہاں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہے، وہیں کئی ویب سائٹس نے یہ بھی لکھا ہے کہ کینیڈین وزیر اعظم وہ پہلے مغربی سیاستدان ہیں جو پاکستانی ٹرک آرٹ پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کی ایک ہی پرانی تصویر کو کئی ٹوئیٹر صارفین نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ان کی تعریف کی ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین انہیں روشن خیال، آزاد خیال اور ایک بہترین سیاستدان لکھا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی جسٹن ٹروڈو کے پاکستان میں اس وقت چرچے ہوئے تھے، جب اکتوبر 2015 میں وہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ جسٹن ٹروڈو کے چرچے ان کے پاکستانی لباس کی وجہ سے ہوئے تھے۔ جسٹن ٹروڈو کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد جہاں ان کی خوبصورتی پر پاکستان میں تعریفیں ہو رہی تھیں،وہیں دنیا بھر کی خواتین میں بھی ان کے چرچے تھے۔
 

Post a Comment

0 Comments