Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

چینی خاکروب نے تعلیم کے لیے اعلیٰ مثال قائم کر دی

چین کا ایک خاکروب سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر اپنی سخاوت اور رحم دلی کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کرچکا ہے کیونکہ اس نے گزشتہ 30 برس میں اپنی تنخواہ کا بڑا حصہ درجنوں نادار طالب علموں کو تعلیم دلوانے میں خرچ کیا ہے۔
56 سالہ ژاؤ ینگ جیو نامی شخص گزشتہ 30 برس سے چین کی سڑکوں سے کُوڑا کرکٹ اٹھا رہا ہے اور اب تک اس نے اپنی ماہانہ تنخواہ سے 37 غریب بچوں کو بہترین اسکولوں میں تعلیم دلوائی ہے۔ وہ صبح سویرے سورج نکلنے سے بھی پہلے اٹھتا ہے اور رات کے اوقات گھر واپس آتا ہے جب کہ اس کی تنخواہ 350 ڈالر یعنی پاکستانی 35 ہزار روپے ہے جو خود اس کے لیے بھی کم ہے۔
ژاؤ ینگ جیو کا جذبہ سخاوت سب پر حاوی ہے وہ ہر ماہ اس میں سے ایک بڑا حصہ غریب بچوں کو اسکول پہنچانے میں خرچ کر رہا ہے۔ اب تک وہ 37 غریب بچوں کو اسکول میں داخل کرا چکا ہے اور وہ اس کام کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ ژاؤ ینگ کے مطابق وہ 3 عشروں میں 25 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بچوں پر خرچ کرچکا ہے۔ ایک مرتبہ اسے بہت سے بچوں کی تعلیم کے لیے رقم درکار تھی تو اس نے فوری طور پر اپنا مکان فروخت کیا اور خود کرائے کے مکان میں منتقل ہوگیا۔ چینی سوشل میڈیا پر اس شخص کی قربانیوں اور غریب بچوں سے محبت کو بہت سراہا جا رہا ہے جب کہ لوگ اسے حقیقی ہیرو کا درجہ دے رہے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments