Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

شام کا المیہ : روسی فضائیہ کے حملے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک

شام کے شہر حلب میں حکومتی فورسز اور روسی فضائیہ کے حملے میں ایک ہی  خاندان کے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ سول ڈیفنس نے ہلاک ہونے والے افراد کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق 6 ماہ کے 2 بچے اور 8 سال سے کم عمر کے 6 بچے ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ شام میں سول ڈیفنس کے حکام، جنھیں وائٹ ہیلمٹ کے نام سے جانا جاتا ہے، کا کہنا تھا کہ حملہ روسی طیاروں نے کیا تھا۔ اس سے قبل حلب کے مغربی علاقوں میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

 خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک روس اور شامی فضائیہ کی شہری علاقوں میں کی جانے والی بمباری میں 448 افراد ہلاک ہوئے جن میں 82 بچے شامل ہیں تاہم روس اور شام نے شہری علاقوں پر بمباری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ شام میں گذشتہ 5 سال سے جاری خانہ جنگی کے باعث ملک کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں فوج اور ملسح گروپوں کے درمیان جاری لڑائی کے باعث یہاں کے عوام شدید کرب میں مبتلا ہیں۔ 


شام جاری خانہ جنگی اور غیر ملکی فورسز کے حملوں میں اب تک 3 لاکھ سے زائد شہری ہلاک بلکہ لاکھوں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے یا کیے گئے ہیں، ادھر فضائی کارروائیوں سے محفوظ رہنے کیلئے نقل مکانی کرنے والے شہری مہاجرین کیمپوں میں بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ان کیمپوں میں نہ صرف ادویات بلکہ خوراک کی بھی شدید کمی ہے جبکہ اس اذیت ناک زندگی سے بچنے کیلئے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کرنے والے مہاجرین کی کثیر تعداد سمندر کی نظر ہوچکی ہے۔ 







Post a Comment

0 Comments