Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

کشمیر میں جیپ پر شخص کو باندھنے والے بھارتی افسر کے لیے فوجی اعزاز

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ایک انسان کو جیپ سے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر اس کا استعمال کرنے والے فوجی کو انڈیا کے فوجی سربراہ کی جانب سے اعزاز دیا گيا ہے۔ میجر جنرل لیٹول گوگوئی نے مبینہ طور پر اپنے کارواں کو سنگ باروں سے بچانے کے لیے ایک مقامی شخص کو جیپ سے باندھا تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ انھیں علاقے میں جاری سرکشی کے خلاف ان کی مستقل کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے اور اس کا جیپ پر کسی شخص کو باندھنے والے واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ 'میجر گوگوئی کو انسرجینسی مخالف ان کی مستقل کوششوں کے لیے آرمی سٹاف کی جانب سے توصیفی کارڈ دیا گیا ہے۔'
خیال رہے کہ جیپ والے واقعے کا ویڈیو اپریل میں وائرل ہوا تھا اور بہت سے لوگوں نے اسے غیر انسانی فعل قرار دیا تھا۔

فوج نے کہا ہے کہ اس کے متعلق جانچ جاری ہے۔ اپریل میں کشمیر میں ضمنی انتخابات منعقد کرانے کی کوششوں کے دوران تصادم کی تازہ لہر نظر آئی ہے۔
کشمیر میں تعینات سکیورٹی فورسز پر مظاہرین کے خلاف فائرنگ کا الزام ہے جبکہ مقامی مظاہرین سکیورٹی فور‎سز پر سنگ باری کرتے ہیں۔ اس سے قبل ایک فوجی کو کشمیریوں کے ہاتھوں تنگ کیے جانے والے ویڈیو کے وائرل ہونے بعد سے ملک میں کشمیریوں کے خلاف جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ مسلم اکثریتی علاقے کشمیر میں انڈیا کے خلاف سنہ 1989 سے مسلح بغاوت جاری ہے۔
شدید بے روزگاری اور مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی ظلم و زیادتی کی شکایتوں نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments