Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

موبائل ایپس جو آپ کے پاس لازماً ہونی چاہئیں

آپ ایک جدید دنیا میں رہتے ہیں، جہاں فون آپ کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہی آپ کی گھڑی ہے۔ یہی آپ کا بنیادی کمپیوٹر، یہی آپ کا کلینڈر ہے اور یہی آپ کی تفریح کا سامان بھی ہے، لیکن آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ اپنے روز مرہ کاموں اور معلومات کے لیے اسے بہتر انداز میں کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایپس کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ فیس بک، ٹوئٹر، جی میل اور اس جیسی دیگر کئی عام ایپس تو آپ رکھتے ہی ہوں گے، لیکن پاکستان کے صارفین کے اینڈرائیڈ سمارٹ فون میں کون سی ایپس ہونا ضروری ہے؟

 آئیے آپ کو بتاتے ہیں: 

قرآن مجید قرآن مجید کی بیشتر ایپلی کیشنز میں متن اسی عربی خط میں ہوتا ہے، جو پڑھنا پاکستان بلکہ برصغیر میں رہنے والوں کے لیے کافی مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے برصغیری نسخ پر مشتمل یہ خاص نسخہ موجود ہے۔ مسلم پرو دنیا کی مشہور ترین مسلم اینڈرائیڈ ایپ۔ مکمل قرآن مجید، مع تلاوت و ترجمہ، قبلہ نما، اسلامی ہجری کلینڈر، قریبی ترین مساجد اور حلال ریستورانوں کے پتے، دعائیں اور تمام نماز کے اوقات پر یاد دہانی۔ یہ آپ کے لیے ایک مکمل ترین ایپ ہے ۔ 

ریختہ اُردو ادب پر اس سے بہتر ایپ موجود نہیں۔ ’’ریختہ‘‘ اُردو شاعری و ادب کی ایک مکمل دنیا ہے۔ اُردو، ہندی اور رومن تین زبانوں میں اُردو کے تمام بڑے اور اہم شعرا کے پورے پورے دیوان اس ایپ میں موجود ہیں اور ایسی کئی کتابیں بھی کہ جن عام طور پر ملنا بھی آسان نہیں۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر لفظ جو اس عظیم ادبی ذخیرے میں موجود ہے ۔اس پر صرف ایک بار انگلی رکھیں، اس کے معنی آپ کے سامنے ہوں گے۔ 

اُردو لغت ’’اُردو لغت‘‘ ایک لاکھ سے زیادہ الفاظ کے معنی رکھنے والی ایک شاندار ایپ ہے۔ مترادفات اور متضاد الفاظ، تلفظ اور ادائیگی، محاورے اور کہاوتیں، لفظ کی تاریخ اور بہت کچھ ہمیں اس ایپ کے ذریعے مل سکتا ہے۔

کرک نامہ کرکٹ کی تمام تر معلومات، صرف خبریں نہیں بلکہ ان سے آگے بڑھ کر تجزیے، تبصرے، کھیل کی باریکیوں اور تاریخ کے ساتھ یہ ایک مکمل اُردو ایپ ہے۔ پاکستان کے مشہور ترین کھیل کے بارے میں ملک کی سب سے بڑی زبان میں پڑھنا چاہتے ہیں ،تو یہ ایپ ضرور انسٹال کریں۔

سوئفٹ کی اگر آپ اپنے اینڈرائیڈ فون پر اُردو لکھنا چاہتے ہیں، تو یہ کی بورڈ انسٹال کرلیں۔ یہ آپ کے تمام مسائل کا حل ہوگا۔ خود ہی اندازہ لگا لیں کہ اس ایپ کے پانچ کروڑ سے زیادہ ڈاؤن لوڈز ہوئے ہیں، اب اتنے سارے لوگ تو غلط نہیں ہو سکتے نا؟

ٹیون ان، ریڈیو ریڈیو، نہ صرف مقامی، قومی بلکہ دنیا بھر کے، ایک ایپ میں ایک جگہ پر، یہ ایک شاندار اور جاندار ایپ ہے، جس نے ریڈیو کی پوری دنیا کو ایک جگہ سما دیا ہے۔ اگر آپ نے کوئی پروگرام ضائع بھی کردیا ہے، تو یہاں امکان ہوتا ہے کہ آپ کو مل جائے گا اور آپ اپنے فارغ وقت میں اسے سن سکتے ہیں۔

 پھر اگر آپ کے موبائل میں ایف ایم ریڈیو نہیں، تو اس ایپ کو رکھنا ضروری ہے۔ ویسے یہ ایپ اینڈرائیڈ پلے سٹور پر 10 کروڑ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤ ن لوڈ ہوئی ہے۔ 

(انٹر نیٹ سے ماخوذ) 

Post a Comment

0 Comments