Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

’بیٹے کے شہید ہونے کی خوشی ہے‘

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گذشتہ جولائی میں ایک تصادم میں مارے گئے
مشتبہ شدت پسند برہان وانی کے والدین کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے بیٹے کی ہلاکت کا کوئی غم نہیں ہے۔ انڈین سیکورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ برہان وانی شدت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے مقامی کمانڈر تھے اور انھیں کافی عرصے سے ان کی تلاش تھی۔ لیکن سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے برہان وانی کی موت کے بعد سے کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

 بدھ کے روز وادی کشمیر میں کرفیو کے مستقل 40 دن پورے ہو گئے۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تقریباً 60 لوگوں کی جان جا چکی ہے اور کئی ہزار لوگ بندوق کے چھرے لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ چھرّے لگنے کے سبب بہت سے لوگوں کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی ہے۔ مظاہروں میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ کچھ سیکورٹی فورسز کے لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ برہان کی ماں میمونہ وانی اور والد مظفر وانی کہتے ہیں: ’ہمیں اپنے بیٹے کے شہید ہونے کی خوشی ہے۔‘

بی بی سی سے بات چیت میں میمونہ نے کہا: ’بیٹے کی ہلاکت کا دکھ تو ہے لیکن سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ کشمیر پر ظلم ہو رہا ہے اور میرے بیٹے نے کشمیر کی آزادی کے لیے قدم اٹھایا۔ وہ بہت ہینڈسم لڑکا تھا۔ بہت ہی شریف اور نرم دل قتل وغارت گری میں تو یقین ہی نہیں کرتا تھا۔‘  انڈیا نے کشمیر میں فوج اور نیم فوجی دستوں کی پوری طاقت لگا رکھی ہے لیکن کرفیو کے باوجود گذشتہ 40 روز سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے. میمونہ وانی کہتی ہیں: ’جہاد کی طرف جانے کے بارے میں اس سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ جہاد تو ہم پر فرض ہے۔ جب دنیا سے جائیں گے تو اللہ پوچھے گا کہ میرے لیے کیا کیا؟ جب بیٹا جوان ہوا تو ہم نے اللہ کی راہ پر جانے دیا۔ برہان جب اللہ کے سامنے کھڑا ہوگا تو بتائے گا کہ جب میں 15 برس کا تھا تب گھر سے نکلا۔ میں نے اپنی جان دی۔‘
برہان کے والدین کا خیال ہے کہ اگر ان کا بیٹا غلط ہوتا تو اتنی بڑی تعداد میں لوگ حمایت میں سڑکوں پر نہ نکلتے۔ ان کی والدہ کہتی ہیں: ’ایک بیٹا چلا گیا تھا، اب دوسرا بھی چلا گیا۔ لیکن پکّا مسلمان تو وہی ہے جو اللہ سے محبت کرتا ہے جو ایسا نہیں کرتا وہ مکمل مسلمان نہیں۔ وہ مومن نہیں ہوتا۔‘  وہ رندھے گلے سے کہتی ہیں: ’ہم نے بیٹا کھو دیا، لیکن اللہ ساتھ ہے۔ ہمیں اس پر پورا بھروسہ ہے۔ جب 2010 میں وادی میں مظاہرے ہو رہے تھے تو بیٹے کا فون آیا۔ اس وقت میں نماز کے لیے کھڑی ہو رہی تھی۔ اس نے پوچھا کہ اللہ سے میرے لیے کیا دعا کرو گی؟ میں نے کہا یہی کہ اللہ میرے بیٹے کو بہترین ڈاکٹر انجینیئر بنانے میں مدد کرے۔ تب اس نے کہا، اللہ سے دعا کرنا کہ میرا بیٹا مجاہد بنے۔‘
میمونہ کہتی ہیں: ’کسی نے کسی کو نہیں کہا کہ گھر سے نکلو، لیکن جب برہان گیا تو لوگ گھروں سے نکل پڑے۔ بس یہ اللہ تعالی کا کرم ہے۔‘ برہان وانی کے والد مظفر وانی کہتے ہیں: ’میرا بیٹا شہید ہوا تو میں بہت خوش ہوں اور لوگوں نے جو محبت دکھائی وہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کتنا پیار کرتے تھے۔ اس نے جس مسئلے کے لیے اپنی جان دی، اس کے لیے ہر کوئی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتا ہے۔‘  مظفر وانی کا خیال ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں۔
میمونہ وانی کا کہنا تھا کہ ’یہاں ایسا کوئی نوجوان نہیں ہے جسے انڈین فوج نے مارا پیٹا نہ ہو۔ بہت سی عورتیں بیوہ ہوگئیں، ان کے شوہر شہید ہو گئے۔ جب یہ سب اتنا بڑھ گیا تو ہم سب لوگ جمع ہو کر آزادی کے لیے گھر سے باہر نکل آئے۔‘'

جسٹن رولٹ
بی بی سی نامہ نگار برائے جنوبی ایش

Post a Comment

0 Comments