Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

عبدالستار ایدھی : انسانیت کے سب سے بڑے خدمت گار سے محروم ہوگئے

پاکستان کے مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ملک کی سیاسی اور سماجی شخصیات کی جانب سے انھیں خراجِ تحسین پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ملک کی اعلیٰ شخصیات کی جانب سے پیغامات میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے وہیں سوشل میڈیا پر بھی پاکستان اور پاکستان سے باہر سے لوگ تعزیتی پیغامات بھیج رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایدھی ہیش ٹیگ سرفہرست ہے اور ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر یہ مطالبہ سامنے آیا کہ ان کی تدفین سرکاری سطح پر کی جائے۔
وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک بے لوث شخص سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایدھی ملک کا اثاثہ تھے اور وہ معاشرے کے پریشان حال، بےیارومددگار اور غریب طبقے کے لیے پیار اور ہمدردی کی جیتی جاگتی مثال تھے۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا انتقال پاکستان کے عوام کے لیے وہ نقصان ہے جس کی تلافی ہونا ممکن نہیں۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو کام ایدھی صاحب نے انجام دیا وہ کام حکومتیں نہ کر سکیں۔ اگرچہ یہ کام حکومتوں کا ہے لیکن ایدھی صاحب نے اس کام کے لیے اپنی زندگی صرف کر دی۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ عبدالستار ایدھی کو نوبیل امن انعام ضرور ملنا چاہیے۔
پاکستانی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایک عظیم شخصیت کو کھو دیا ہے۔ ’وہ عالمی سطح پر پہچانے جانے والے اور فلاحی کام کرنے والے انسان تھے۔‘
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما واسع جلیل کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب اب ہم میں موجود نہیں یہ ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور ان کے کام کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انھیں ایدھی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا اور وہ ایک عظیم پاکستانی اور ہمدرد شخصیت تھے۔ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ’ایدھی ہمارے زمانے کی عظیم ترین شخصیات میں سے ایک تھے‘ اور وہ ایک آئیکون اور آنے والی نسلوں کے لیے مثال ہیں۔

Post a Comment

0 Comments