Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

ترکی : عوام کی طاقت فوج پر غالب آ گئی

پاکستانی سیاست دانوں نے ترکی میں فوج کے باغی گروپ کی اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جمہوریت کے حق اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے لکھا کہ ’ترکی سے فوجی بغاوت کی خبریں موصول ہوئیں، توقع ہے کہ دوبارہ فوجی حکمران ترکی میں قابضہ کرںے میں کامیاب نہیں ہوں گے، جمہوری قائدین اور عوام کی حفاظت کے لیے دعاگو ہوں۔‘

ترک باغیوں فوجیوں کی بغاوت میں ناکامی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور حزب اختلاف خورشید شاہ نے ٹوئٹ کیا کہ ’بغاوت کے خلاف جراتمندانہ اقدام پر ترکی کی عوام اور حکومت مبارک باد کے مستحق ہیں، باغی فوجی کی بغاوت کی ناکامی خوش اَئند ہے۔‘
ادھر سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ترکی کے عوام کا جذبہ متاثر کن ہے، طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں، عوام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔‘

پاکستان مسلم لیگ (ق) مشاہد حسین سید نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ فوجی بغاوت ترکی کے لیے ایک اہم سبق ہے، اپوزیشن جماعتوں نے بھی باغی فوجیوں کی مذمت کی، صدر رجب طیب ارد گان کو چاہیئے کہ وہ قوم کو متحد اور شام میں مداخلت کرنے سے گریز کرے۔’

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیری مزاری نے ٹوئٹ کیا کہ ’ ترکی میں عوام کی طاقت فوج پر غالب آگئی، فوجی بغاوت کے خلاف عوام کا سڑکوں پر آنا حیرت انگیز منظر ہے، افسوس! برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی اور امریکی میڈیا سی این این باغی فوجیوں کی بغاوت کی ناکامی پر پریشان لگ رہے ہیں۔’
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ’ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی پاکستانی قیادت کے لیے ایک سبق ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی خدمات کریں جس سے پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوگی۔‘ 

واضح رہے کہ ترک عوام نے سڑکوں پر نکل کر فوج کے باغی گروپ کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش ناکام بنادیا۔ ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناتولو کے مطابق فوجی بغاوت میں ملوث 1563 فوجیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ملک بھر میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 194 ہوگئی ہے جبکہ 1154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments