Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

اپنا لنکڈ ان کا پروفائل جاب اور کیرئرکی بہتری کے لیے کیسے استعمال کریں ؟

 عموماََ لوگ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو صرف موج مستی اور دوستوں
رشتے داروں سے رابطے کیلئے ہی استعمال کرتے تھے۔ایسے میں شدت کے ساتھ کسی ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس ہوتی تھی جہاں لوگوں کو پروفیشنل اپروچ کے ساتھ اپنا کام دکھا نے کا موقع مل سکے اوردنیا بھر میں نوکری کے حصول میں بھی آسانی ہو ۔خیر اسی نقطے کو سامنے رکھ کر ’’لنکڈ اِن‘‘ جیسا سوشل نیٹ ورک متعارف کروایا گیا۔ اگر آپ بھی اپنے کام میں ماہر ہیں اور اس نیٹ ورک پر موجود ہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کس طرح لنکڈ ان پر اپنی پروفائل کو مئوثرترین بنا سکتے ہیں۔

۱۔اپنے یو آر ایل کو اپنی مرضی سے سیٹ کریں:آپ کا یو آر ایل انٹرنیٹ پر آپ کے لنکڈ ان پروفائل کا ایڈریس ہوتا ہے۔ آپ نے اس ایڈریس کو انٹرنیٹ میں اس طرح سے سیٹ کرنا ہے کہ جب بھی کوئی کسی بھی سرچ انجن میں آپ کا نام لکھ کر آپ کو انٹرنیٹ پر ڈھونڈنے کی کوشش کرے تو اس تلاش میں آپ کی پروفائل سر فہرست ہو۔

اس کے لئے اپنی لنکڈ ان پروفائل کے ایڈٹ مینیو میں جائیں اور اپنی پروفائل پر لگی ہوئی تصویر کے نیچے بنے ہوئے چھوٹے سے وہیل پر کلک کریں اس سے آپ اپنے یو آر ایل کے ایڈٹ مینیو میں پہنچ جائیں گے ۔ یہاں اگر آپ کا نام بہت عام سا ہو جو شاید بہت سارے اور لوگوں کا بھی ہو تو یہاں اپنے نام کے ساتھ کوئی ایبریویشن جیسے آپ کا تعلق لاہور سے ہے تو LHR لکھ دیں تاکہ دوسروں سے آپ الگ نظر آئیں اور انٹرنیٹ پر اگر کوئی آپ کو ڈھونڈنے کی کو شش کرے تو لاہور سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں آپ سر فہرست ہوں۔
 ۲۔اپنے کیرئیر کی مختصر وضاحت کریں: پروفائل بناتے ہوئے سمر ی والے باکس میں اپنے بارے میں مختصر مگر جامع تحریر لکھیں جو کہ ایک سو سے لے کر تین سو الفاظ پر مشتمل ہو۔یہاں ایسے کی ورڈز اور جملے لکھیں جو کہ آپ کے پیشے سے متعلقہ نوکری کی جاب ڈسکرپشن میں ہو سکتے ہیں، تاکہ اگر کوئی ادارہ اپنے کام سے متعلقہ لوگوں کو ڈھونڈرہا ہو تو ان کی ورڈز کے میچ ہونے کی صورت میں وہ آپ کی پروفائل تک آسانی سے پہنچ سکے۔

مثال کے طورپر آپ کا میڈیا سے تعلق ہے اور آپ کا تجربہ بھی وسیع ہے ،اب اپنے تجربات کی روشنی میں انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگوں کو ٹریننگ دینے کے خواہاں ہو تو آپ اپنی اس تعارفی سمری میں لکھئے کہ" i am interested in media training"  ۔ اپنے گزشتہ تجربات کو بیان کریں: یہاں آپ کو موقع ملتا ہے کہ آپ آن لائن اپنے گزشتہ تجربات کی تفصیل لکھیں۔ یہاں لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ اپنی صرف حالیہ نوکری کے بارے میں لکھ دیتے ہیں اور پرانی نوکریوں کا ذکر نہیں کرتے۔ حقیقت ہے کہ یہ دقت طلب کام ہے لیکن آپ سکون سے بیٹھ کر اپنی سب سے پہلی نوکری سے لے کر حالیہ نوکر ی کو ایک ترتیب سے لکھیں۔ 

اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں کو ترتیب دیں:جب اپنے تجربات اور تعلیمی کیرئیر کو بیان کر چکے ہوں تو ’’سکلز اینڈ ایکسپرٹیز‘‘ کا باکس کھلے گا۔یہ سیکشن کسی بھی شخص کو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں کے بارے میں بتا سکے۔جیسا کہ اگر آپ کا میڈیا پروڈکشن سے تعلق ہے اور تجربہ بھی ہے تو آپ اپنی فنی یا پیشہ وارانہ مہارتوں میں’’کاپی رائٹنگ‘‘ ’’پروفنگ‘‘ ،’’نیوز رائٹنگ‘‘، ’’فیچر رائٹنگ‘‘،’’ریسرچ‘‘ جیسی اور بھی کئی سکلز کا ذکر کر سکتے ہیں جو آپ سمجھتے ہوں کہ آپ کو ان میں مہارت حاصل ہے۔

 ۵۔ کم از کم پانچ لوگوں سے اپنی پروفائل کی سفارش کو یقینی بنائیں: جب سفارش کا لفظ آتا ہے توخیال آتا ہے کہ بھلا لنکڈ اِن پر پروفائل کی تصدیق کیلئے سفارش نامے کی کیا ضرورت ہو سکتی ہے تو جناب اگر سوشل نیٹ ورکنگ کی اس سائٹ پر نوکری دینے والے ادارے حقیقی ہیں، آپ کے تمام کوائف اور تجربات درست ہیں  لوگوں کو حقیقت میں ملٹی نیشنل کمپنیوں میں نوکریاں مل رہی ہیں تو ایسے میں کیا یہ سب ثابت کرنے کیلئے کسی گواہ یا تصدیق کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

لنکڈ اِن پر ریکمنڈیشن کا مطلب ہی یہ ہے کہ شعبے سے متعلقہ ماہرین یا ایسے لوگ جن کا تجربہ وسیع ہو اور آپ کو ان کے ساتھ ماضی میں کام کرنے کا موقع بھی ملا ہو اور سب سے بڑی بات وہ آپ کے کام سے مطمئن بھی ہوئے ہوں تواس میں کیا برائی ہے کہ وہ اس نیٹ ورک پر آئیں آپ کے بارے میں چند توصیفی جملے لکھ دیں ۔اس سے آپ کیلئے کامیابی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آپ کو نوکری کی پیشکش کرنے والے ادارے کو یقین ہو جائے گا کہ پروفائل پر درج آپ کے کوائف اور تجربات افسانوی نہیں بلکہ حقیقی ہیں اور آپ انہیں بیان کرتے ہوئے صرف میاں مٹھو ہی نہیں بن رہے تھے بلکہ آپ کے شعبے کے ماہرین بھی آپ کے کام سے متاثر ہیں۔

 اپنے کام کے آن لائن حوالے دیں: یہ بات یاد رکھیے کہ لنکڈ اِن پر آپ کی پروفائل سے متاثر ہو کر دنیا کے کسی بھی کونے سے آپ کو نوکری کی پیشکش ہو سکتی ہے لہذا کو شش کریں جس جس کام کا آپ نے اپنی پروفائل پر ذکر کیا ہے ان کی تفصیل کے لئے ان کے آن لائن لنکس بھی دے دیں۔

 ۷۔ لوگوں سے میل جوڑ بڑھائیے: آپ کی لنکڈ اِن پروفائل کے مئوثر ہونے کیلئے بہت زیادہ لوگوں سے رابطے بڑھانا خاصی اہمیت کا حامل ہے۔

 یہ بات ذہن میں رکھیے یہ فیس بک کی طرح کا سوشل نیٹ ورک نہیں ہے یہاں پروفیشنل اپروچ کے ساتھ دنیا بھر سے لوگ موجود ہیں۔ایسا ممکن نہیں ہے کہ آپ ایک متاثر کن پروفائل بنائیں اور دوسرے لوگوں سے رابطہ نہ رکھیں۔ مثال کے طور پر آپ کسی x مپنی میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں اور آ پ کے دوستوں کی فہرست میں سے کسی کا وہاں رابطہ ہو یا وہ وہاں پہلے سے ہی ملازمت کر رہا ہو تو آپ اس سے درخواست کر سکتے ہیں وہ آپ کو اس کمپنی سے متعارف کر وا دے یا ایک انٹرویو دلوا دے۔ ہو سکتا ہے آپ کو اس کے توسط سے وہاں ملازمت مل جائے -

(حنا انور)

Post a Comment

0 Comments