Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

کیا آئی فون زوال کا شکار ہے؟

امریکی کمپنی ایپل کے لیے 2015 کا سال بہت اچھا تھا لیکن اس ماہ کچھ مختلف اور وہ یہ تھا کہ اکتوبر 2014 کے بعد پہلی بار ایپل کے حصص 100 ڈالر سے نیچے آ گئے۔
پچھلے سال مئی میں ایپل کے حصص 132 ڈالر تھے۔ لیکن منگل کو یعنی آج صحیح طور پر معلوم ہو سکے گا کہ یہ سال ایپل کمپنی کے لیے کیسا رہے گا۔
ایک طرف ہمیں یہ یقین ہے کہ ایک بار پھر کرسمس پر ایپل ریکارڈ کاروبار کرے گا لیکن سرمایہ کاروں کے لیے یہ بات اہم ہے کہ آئندہ مہینوں میں کمپنی سے کیا توقع رکھی جائے۔
سرمایہ کار یہ توقع کر رہے ہیں کہ ایپل کمپنی کہے گی کے پہلی بار آئی فونز کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

اکتوبر کے ڈیٹا کے مطابق کمپنی کی 63 فیصد آمدنی سمارٹ فونز کی فروخت سے ہوتی ہے۔
ایپل کمپنی کی باقی مصنوعات منافعے کے حساب سے سمارٹ فونز کے قریب بھی نہیں آتیں۔ آئی پیڈ کمپنی کی کُل آمدنی کا محض آٹھ فیصد ہے جبکہ میک رینج صرف 13 فیصد۔
ایپل واچ کی کارکردگی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں کیونکہ اس کو دیگر مصنوعات میں شامل کر کے ڈیٹا میں پیش کیا جاتا ہے۔
دیگر مصنوعات مل کر کمپنی کے منافعے کا چھ فیصد بنتی ہیں۔
کرسمس کے موقعے پر ایپل واچ کی فروخت کافی اچھی رہی اور ہو سکتا ہے کہ کمپنی ایپل واچ پر روشنی ڈالے گی۔
سرمایہ کاروں کو سب سے بڑی فکر یہ ہے کہ کمپنی کا انحصار آئی فون پر بہت ہے۔
ایپل کمپنی کے لیے چین بہت اہم ہے کیونکہ کمپنی پورے یورپ سے زیادہ چین میں کاروبار کرتی ہے۔ اور جلد ہی چین امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑ جائے گا۔
ایپل میں سرمایہ کاری کرنے والے ایف بی آر کیپیٹل مارکیٹس کے ڈینیئل آئیوز کہتے ہیں ’اگر چین میں ایپل کا کاروبار بیٹھا تو ایپل کمپنی بھی بیٹھ جائے گی۔ کمپنی نے اپنا سب کچھ چین کی ترقی کے ساتھ ہی جوڑ رکھا ہے۔‘
ایپل کمپنی نے پچھلے سال جو ترقی کی ہے وہ چین کے بل پر کی ہے۔ نئے صارفین، نئے سٹورز۔ لیکن چین کی غحر مستحم معیشت نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اگر چین کی ترقی تنزلی کا شکار رہی تو ایپل کے لیے ترقی کرنا مشکل ہو جائے گا۔

تاہم سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین ابھی ایپل کے لیے کوئی بڑا مسئلہ کھڑا نہیں کرے گا اور ممکنہ طور پر 2016 میں ایپل کا منافع کافی بڑھے گا۔
اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چین میں 30 ایپل سٹورز ہیں جبکہ صرف کیلیفورنیا میں 53 سٹورز ہیں۔
پیش گوئی
ایپل کمپنی کے مستقبل کے بارے میں پیش گوئی کرنا خطرناک عادت ہے کیونکہ عام طور پر یہ غلط نکلتی ہے۔ لیکن اس کے بارے میں قیاس کیا جا سکتا ہے۔
اس سال کمپنی کیسا کرے گی کے بارے میں سرمایہ کاروں کے خیالات کا خلاصہ یہ ہے 

آئی فون سیون ممکنہ طور پر ہیڈ فون لگانے کے سوراخ کے بغیر آئے گا اور اس سے اس کی فروحت میں بے انتہا اضافہ ہو گا۔ اور اس کے ساتھ ہیڈ فونز کی فروخت میں بھی اضافہ ہو گا۔

نیا سستا فون فائیو ای ترقی پذیر ممالک میں لانچ کیا جائے گا۔ یہ بھارت جیسے ممالک میں بے حد پسند کیا جائے گا اور ایپل نے بھارت میں سٹور کھولنے کی اجازت بھی مانگ لی ہے۔
  
اور پھر ایک لفظ ایسا ہے جس سے ایپل کمپنی کے حصص دوبارہ بڑھ جائیں گے اور وہ لفظ ہے گاڑی۔
ایپل کمپنی کی گاڑی کے بارے میں باتیں گذشتہ چھ ماہ میں زیادہ ہوتی جا رہیں ہیں۔
کچھ کا کہنا ہے کہ ایپل گاڑی بنا رہا ہے اور کچھ کا کہنا ہے کہ دانشمندی اس میں ہو گی کہ ایپل گاڑی بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرے اور ان کا گاڑیوں میں ایپل سافٹ ویئر کا استعمال کرے۔

Post a Comment

0 Comments