Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

تبلیغــــی جمــــاعت...

مولانا محمد الیاس کاندھلوی کی قائم کردہ ایک اسلامی اصلاحی تحریک جو 1926ء میں قائم کی گئی۔ بنیادی طور پر فقہ حنفی کے دیوبندی مکتبۂ فکر سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ برصغیر پاک و ہند کے علاوہ ساری دنیا میں سرگرم ہے اس لیے اس کو دعوت و تبلیغ کی عالمی تحریک بھی کہا جاتا ہے۔
تبلیغی جماعت کے اصول مندرجہ ذیل ہیں:

(انہیں چھ باتیں، چھ صفات اور چھ نمبر بھی کہا جاتا ہے)
ایمان
نماز
علم و ذکر
اکرام مسلم
اخلاص نیت
دعوت و تبلیغ
اور لایعنی امور سے اجتناب۔

جماعت

جماعت اس تحریک کی ایک مخصوص اصطلاح ہے جو اس وقت استعمال کی جاتی ہے جب کئی افراد ایک مخصوص مدّت کے لۓ دین سیکھنے اور سکھانے کی خاطر کسی گروہ کی شکل میں کسی جگہ کا سفر کرتے ہیں ان کے دورے کی مدّت تین دن، چالیس دن، چار ماہ اور ایک سال تک ہو سکتی ہے۔ یہ افراد اس دوران علاقے کی مسجد میں قیام کرتے ہیں۔

گشت

کسی بھی جگہ کے دورے میں اپنے قیام کے دوران یہ افراد گروہ کی شکل میں علاقے کا دورہ کرتے اور عام افراد خصوصاً دوکاندار حضرات کو دین سیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے مسجد میں مدعو کیا کرتے ہیں۔ اس عمل کو جماعت کی اصطلاح میں 'گشت' کہا جاتا ہے۔

تعلیم

عموما چاشت کے وقت اور ظہر کی نماز کے بعد مسجد میں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد ایک کونے میں مرتکز ہوجاتے ہیں اور کوئی ایک فرد فضائل اعمال کا مناسب آواز میں مطالعہ کرتا ہے تاہم اس امر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ نماز و تلاوت میں مشغول افراد کے انہماک میں خلل نہ پڑے۔
فضائل اعمال کی تعلیم کا مقصد: اس كتاب کے تعلیم کے مندرجہ ذیل مقاصد ہیں۔ ۱۔ فضائل سن سن کر اعمال کا شوق پیدا ہو جائے۔ ۲۔ علم اور عمل میں جوڑ پیدا ہو جائے۔ ۳۔ مال سے ہٹ کر اعمال پر یقین بن جائے۔ ۴۔ سب کے دل قرآن و حدیث سے اثر لینے والے بن جائیں۔

تعلیم کے فضائل 

 ايک حدیث کا مفہوم ہے کہ ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبوی میں تشریف لائے تو دو حلقے لگے ہوئے تھے ۔ ایک تعلیم کا اور ایک ذکر کا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دونوں خیر کے حلقے ہیں ۔ میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں ۔ اور یہ فرما کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تعلیم کے حلقے میں تشریف فرما ہو ئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس اقدام نے تعلیم کے حلقے کو تمام حلقو ں پر مقدم کر دیا۔

فضائل اعمال

دوسری تنظیموں کی طرح تبلیغی جماعت کے ساتھیوں کے لیے قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اعمال کے فضائل سے متعلق ایک کتاب کا مطالعہ کرایا جاتا ہے۔ اس مجموعہ کو بھی کتابی شکل میں مرتب کیا گیا ہے جو فضائل اعمال کے نام سے موسوم ہے۔ اس کتاب کا مطالعہ جماعتوں میں چلتے ہوئے اور مقامی مسجد میں تسلسل سے کرایا جاتا ہے۔ اور اس كى علاوہ منتخب احادیث مؤلف مولانا محمد يوسف كاندھلوي صاحب كا بھی مطالعہ كيا جاتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments