Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

وہ مجھے بگڑا ہوا بچہ کہہ رہے تھے....


بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے میچ کے دوران ان پر ہتک آمیز فقرے کسے اور ان کو بگڑا ہوا بچہ کہا۔
کوہلی نے کہا کہ وہ مچل جانسن کا احترام نہیں کرتے۔

کوہلی نے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز 169 رنز بنائے اور میدان میں ان کے اور جانسن کے درمیان لفظوں کا تبادلہ بھی جاری رہا۔

ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا ’وہ مجھے بگڑا ہوا بچہ کہہ رہے تھے۔ میں نے کہا ہو سکتا ہے کہ میں ایک بگڑا ہوا بچہ ہوں، تم لوگ مجھ سے نفرت کرتے ہو اور یہ مجھے پسند ہے کیونکہ اس سے میری کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ کوہلی تین دفعہ اس سیریز میں سنچری سکور کر چکے ہیں لیکن آسٹریلیا کو سیریز میں 0-2 سے بر تری حاصل ہے۔

کوہلی نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے کھلاڑی سارا دن ان پر جملے کستے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا پسند ہے کیونکہ آسٹریلوی کھلاڑیوں میں برداشت بہت کم ہے اور وہ زیادہ دیر سکون سے نہیں رہ سکتے۔
بھارتی بلے باز کا کہنا تھا ’آسٹریلوی کھلاڑیوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کی ان حرکتوں سے میری کارکردگی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔‘

تیسرے دن کے کھیل کے دوران ایک موقعے پر جانسن کی جانب سے وکٹوں پر مارا گیا گیند کوہلی کو جا لگا۔ اس کے بارے میں کوہلی کا کہنا تھا کہ ’مجھے جانسن کی اس حرکت پر بہت غصہ آیا اور میں نے انھیں کہا کہ وکٹوں کو نشانہ بنائیں میرے جسم کو نہیں۔

کوہلی نے کہا کہ کچھ آسٹریلوی کھلاڑی ان کے اچھے دوست ہیں مگر جانسن ان میں شامل نہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی بولر رائن ہیرس کا کہنا ہے کہ ہتک آمیز فقروں کا تبادلہ اکثر کوہلی خود شروع کرتے ہیں اور اس کا ان کے کھیل پر منفی اثر پڑے گا۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام بھارت نے آسٹریلیا کی پہلی اننگزمیں 530 کے جواب میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 462 رنز بنائے تھے۔
کوہلی 169 رنز بنا کر دن کی آخری پر گیند جانسن کا شکار بنے۔

Post a Comment

0 Comments